کابل :وزارتِ داخلہ نے کہا کہ مسلح افراد نے جمعرات کو وسطی افغانستان میں ایک حملے میں شہریوں کے ایک گروہ کو ہلاک کر دیا جس کی ذمہ داری داعش کی مقامی شاخ نے قبول کی تھی۔
داعش کے اعماق میڈیا ونگ نے ایک بیان میں کہا، "وسطی افغانستان میں دولتِ اسلامیہ کے سپاہیوں کے حملے میں پندرہ شیعہ (مسلمان) ہلاک اور چھے دیگر زخمی ہو گئے۔”
2021 میں طالبان کے اقتدار پر قبضے اور داعش کی شورش کا خاتمہ کرنے کے بعد سے افغانستان میں ان کے حملوں میں واضح کمی آئی ہے لیکن علاقائی داعش-خراسان سمیت متعدد مسلح گروہ اب بھی خطرہ بنے ہوئے ہیں۔
وزارتِ داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانی نے اے ایف پی کو بتایا، "نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے شہریوں کو ہلاک کر دیا۔” نیز انہوں نے کہا کہ صوبہ دایکنڈی میں ہونے والے حملے کے بارے میں مزید تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
صوبے کے ایک ذریعے نے جسے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر شناخت ظاہر کرنے کی اجازت نہیں تھی، اے ایف پی کو بتایا کہ 14 افراد ہلاک اور کم از کم چار زخمی ہوئے۔
ذرائع نے بتایا کہ ایک گروپ عراق میں شیعہ فرقے کے مقدس مقام کربلا سے واپس آنے والے زائرین کے استقبال کے لیے جمع ہوا تھا۔ذرائع کے مطابق مقامی میڈیا ویب سائٹ طلوع نیوز نے ہلاکتوں کی تعداد 14 بتائی ہے۔
دایکنڈی کے صوبائی دارالحکومت نیلی شہر کے ایک ہسپتال کے اہلکار نے بتایا، عملے کو چوکس کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ انہیں کہا گیا ہے کہ زخمیوں کو داخل اور علاج کرنے کے لیے تیار رہیں۔”داعش-خراسان گروپ کی افغانستان کی شاخ ہے۔ خراسان” سے مراد ایک تاریخی خطہ ہے جس میں ایران، افغانستان اور وسطی ایشیا کے بعض حصے شامل ہیں۔
داعش کی علاقائی شاخ میں شیعہ کو نشانہ بنانے کی ایک تاریخ ہے جنہیں وہ ملحدین سمجھتے ہیں لیکن وہ طالبان کے بھی حریف بھی ہیں جن کے ساتھ یہ گروپ سخت مشترکہ سنی نظریہ رکھتا ہے۔
طالبان کی حکومت نے بارہا اس خطرے کو کم اہم قراد دیا ہے جو اسے لاحق ہے۔
اس ماہ کے شروع میں گروپ نے افغان دارالحکومت میں ایک خودکش حملے کا دعویٰ کیا تھا جس میں چھے افراد ہلاک ہوئے تھے۔اس نے یہ بھی کہا کہ مئی میں افغانستان میں سیاحوں کو نشانہ بنانے والے حملے میں بھی وہ ملوث تھا جس میں تین غیر ملکیوں سمیت چھے افراد ہلاک ہوئے تھے۔
اور مارچ میں داعش نے ماسکو کے ایک کنسرٹ ہال پر حملے میں 145 افراد کو ہلاک کرکے اپنی وسیع صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔












