اسلام آباد، 11 جون: پاکستان کے پنجاب اور خیبر پختونخواہ صوبوں کے کئی حصوں میں ہفتہ کے روز آندھی اور طوفانی بارش کے باعث کم از کم 28 افراد ہلاک اور تقریباً 145 زخمی ہوگئے ۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، کرک اور لکی مروت میں بارش سے متعلقہ واقعات میں 25 افراد جاں بحق اور 145 زخمی ہوئے ۔ کم از کم 69 مکانات کو جزوی طورپرنقصان پہنچا ہے ۔اتھارٹی کے اہلکار نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے تمام 1122 مراکز کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے الرٹ کردیا گیا ہے ۔ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور تمام زخمیوں کو موقع پر طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے ۔ضلع بنوں کے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی سے ٹیلیفون پر بات چیت میں وزیر اعظم شہباز شریف نے بارش سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔انہوں نے کہا مختلف واقعات میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں منہدم ہوئیں جب کہ ریسکیو 1122 کی جانب کرک، بنوں اور لکی مروت میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔سیکرٹری ریلیف عبدالباسط نے پی ڈی ایم اے کے کنڑول روم کا دورہ کیا، انہوں نے کہا کہ ریلیف ریسکیو1122، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ سیکریٹری ریلیف نے ضلعی انتظامیہ کو نقصانات کا تخمینہ لگانے کا بھی کہا گیا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ پی ڈی ایم اے نے آندھی اور طوفانی بارشوں سے متاثرہ ضلع بنوں کے متاثرین کے لیے چار کروڑ روپے جاری کردیے ہیں۔اس کے علاوہ محکمہ ریلیف، بحالی اور آبادکاری خیبر پختونخوا کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ محکمہ کے سیکریٹری نے امدادی کاموں کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ متاثرہ لوگوں کو حکومتی پالیسیوں کے مطابق ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ادھر نگران وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے بارش اور آندھی کے باعث ہونے والے نقصانات پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں آندھی و طوفانی بارش ہوئی اور مختلف اضلاع سے شہریوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں ہیں۔