بھرت پور: راجستھان کے سوائی مادھوپور عدالت نے پولس افسر پھول محمد کے قتل کیس میں اس وقت کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولس مہندر سنگھ سمیت تیس قصورواروں کو عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔خصوصی عدالت (ایس سی ۔ایس ٹی) نے آج یہ سزا سنائی۔ واضح رہے کہ بدھ کو 89 ملزمان کے خلاف ہونے والی حتمی سماعت میں عدالت نے ان میں سے تیس افراد کو اس مقدمے میں قصوروار قرار دیا تھا جب کہ 49 کو بری کر دیا گیا تھا۔ اس معاملے میں پانچ ملزمان کی موت ہو چکی ہے جبکہ دو بچوں کے ساتھ بدفعلی کرنے والے تھے جبکہ تین افراد مفرور ہیں۔ عدالت نے مجرموں پر مختلف دفعات کے تحت جرمانے بھی عائد کیے ہیں۔عدالت نے جن لوگوں کو سزا سنائی ہے ان میں ڈی ایس پی مہندر سنگھ، رادھیشیام مالی، پرمانند، ببلو، پرتھوی راج، رام چرن، چرنجی لال، شیر سنگھ، ہرجی، رمیش مینا، کالو، بجرنگا کھٹیک، مراری مینا، چتربھوج مینا، بنواری، رام کرن، ہنسراج عرف ہنسا ، شنکر مالی، بنواری لال مینا، دھرمیندر مینا، یوگیندر ناتھ، برجیش ہنومان، رامجیلال ماکھن سنگھ، رام بھروسی مینا، موہن مالی، مکیش مالی اور شیام لال شامل ہیں۔قابل ذکر ہے کہ 17مارچ 2011کو مانٹاؤن تھانہ علاقے کے سوروال گاؤں میں لوگ داکھہ دیوی کے قاتلوں کی گرفتاری اور ان کے اہل خانہ کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کر رہے تھے۔ اس دوران ہجوم نے سی آئی پھول محمد کو گھیر لیا اور ان کی جیپ کو آگ لگا دی جس میں جھلس کر ان کی موت ہوگئی تھی۔