نئی دہلی،سماج نیوز سروس: ایم سی ڈی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد، ریاستی الیکشن کمیشن نے 1169 نامزدگیوں کو منسوخ کر دیا ہے۔ اب صرف 1416 امیدوار میدان میں قسمت آزما ہیں جن میں سے 674 مرد اور 742 خواتین ہیں۔ کل امیدواروں میں سے 31 فیصد آزاد امیدوار ہیں۔ ان کی تعداد 439 ہے۔ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی نے تمام 250 وارڈوں میں انتخاب کے لیے اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ کانگریس صرف 247 وارڈوں میں ہی الیکشن لڑ سکے گی۔ریاستی الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق نامزدگی کے آخری دن کل 2585 لوگوں نے فارم بھرے جن میں 1124 مرد اور 1461 خواتین امیدوار تھے۔ بھرے گئے تمام نامزدگی فارموں میں سے 1169 فارم منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ نامزدگی کی درخواستیں کاغذات نامزدگی مکمل نہ ہونے، حلف نامہ جمع نہ کرانے، دوہری نامزدگی فارم بھرنے یا سیکیورٹی رقم جمع نہ کرانے جیسی وجوہات کی بناءپر مسترد کی گئی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ جن 250 وارڈوں کےلئے انتخاب ہو رہے ہیں، ان میں سے تین چار وارڈوں میں سب سے زیادہ لڑائی ہو رہی ہے، کیونکہ یہاں امیدواروں کی تعداد دیگر وارڈوں کے مقابلے زیادہ ہے۔ بیرونی دہلی کے باپرولا وارڈ میں 13 امیدوار ہیں، مکند پور، جھاو¿ڈا، رتلہ، ہری نگر، وکاس نگر اور ککرولا میں ایک ایک سیٹ پر 11 امیدوار ہیں۔ ہولمبی کلاں، تیمار پور، بوانا، روہنی-سی، وکاسپوری اور نانگلی سکراوتی وارڈوں میں 10-10 امیدوار میدان میں ہیں۔ ان وارڈوںکے علاوہ دیگر وارڈوں میں امیدواروں کی تعداد کچھ میں 8 اور کچھ میں 9 ہے۔ آزاد امیدواروں کی کل تعداد 439 ہے جو کل امیدواروں کا 31 فیصد ہے۔ایسے 24 وارڈ ایسے ہیں جہاں نہ تو آزاد امیدواروں اور نہ ہی علاقائی جماعتوں نے کوئی امیدوار کھڑا کیا ہے۔ ان وارڈوں میں صرف عام آدمی پارٹی، کانگریس اور بی جے پی کے امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ یعنی ان 24 میں سے ہر ایک کے پاس 3-3 امیدوار ہیں۔ ان وارڈوں میں گرو ہری کشن نگر، روہنی-ایف، پسم وہار، بازار سیتارام، دیو نگر، رگھوبیر نگر، ہستسل، اتم نگر، بجواسن، راجندر نگر، سدھارتھ نگر، اینڈریوز گنج، چترنجن پارک، گریٹر کیلاش شامل ہیں۔ایم سی ڈی انتخابات میں 250 سیٹوں پر آخری پوزیشن، کل اندراج: 2585 (مرد: 1124، خواتین: 1461) نامزدگیوں کی منسوخی: 1169، امیدواروں کی حتمی تعداد:1416 ،خواتین امیدوار:742،مرد امیدوار: 674، سیاسی جماعتوں کے امیدوار، بی جے پی: 250، عام آدمی پارٹی: 250، کانگریس: 247،بہوجن سماج پارٹی: 138،جنتا دل (یو): 23،سماج وادی پارٹی: 1۔