چنئی:تمل ناڈو کے کڈلور ضلع کے آیانارپلائم گاؤں میں تروچی-چنئی قومی شاہراہ پر ایک تیز رفتار ٹرک کے پیچھے سے آنے والی کار سے ٹکرانے سے ایک آئی ٹی جوڑے سمیت ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی منگل کو موت ہوگئی۔ پولس ذرائع کے مطابق مرنے والوں کی شناخت وجے راگھون، ان کی اہلیہ وتسالہ، ان کی ماں وسانتھا لکشمی اور جوڑے کے دو بچے وشنو اور ادیرتھ کے طور پر ہوئی ہے ۔وہ مدورائی کے رہنے والے تھے اور اس وقت چنئی کے نانگنلور میں رہ رہے تھے ۔ حادثے کے وقت وہ کیرالہ سے واپس لوٹ رہے تھے ۔حادثہ صبح 3بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب کار ڈرائیور وجے راگھون نے ہائی وے پر ٹریفک جام کی وجہ سے ٹرک کے پیچھے کار کی رفتار کم کی۔ اس دوران تلنگانہ رجسٹریشن نمبر کی ایک تیز رفتار ٹرک نے پیچھے سے کار کو ٹکر مار دی۔تصادم کے بعد کار دونوں ٹرکوں کے درمیان پھنس گئی اور مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ کار میں سوار پانچوں افراد کی جائے واقع پر ہی موت ہوگئی۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولس جائے واقع پر پہنچی اور بڑی مشکل سے لاشوں کو گاڑی سے باہر نکالا












