سرینگر: سنیچروار کی اعلیٰ الصبح وادی میں ایک بار پھر موسم نے اچانک کروٹ بدلی اور دیکھتے ہی دیکھتے مطلع ابرآلود ہوا اور وادی کے کچھ ایک مقامات پر ہلکی بارشیں ہوئی جبکہ شوپیان اور دیگر کچھ علاقوں میں شدید نوعیت کی ژالہ باری ہوئی ۔ بارشوں کے ساتھ ساتھ شمال وجنوب کے علاقوں میں تیز آندھی سے مکانوں کے چھت اڑا گئے ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے آئندہ کچھ دنوں تک مجموعی طور پر موسم ابر آلو رہنے کی پیشگوئی کی ہے اور کہا کہ آئندہ ایک ہفتے تک کسی بھی بڑی موسمی تبدیلی کے امکانات کو رد کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق واد ی کشمیر میں سنیچروار کو دھوپ چھاؤ کے کھیل کے بیچ بعد دوپہر شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں موسم ابر الود ہوا جس کے چلتے اگرچہ سرینگر میں ہلکی بارش ہوئی تاہم وادی کے دیگر علاقوں میںشدید بارشیں اور ژالہ باری ہوئی جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔سنیچروارکے بعد دوپہر موسم نے اچانک کروٹ بدلی اور دیکھتے ہی دیکھتے آسمان بادلوں میں چھپ گیا اور سورج بھی غائب ہواجس کی وجہ سے درجہ حرارت میں کافی کمی واقع ہوئی۔اس دوران بارہمولہ، کولگام اور شوپیاں میں بادل گرجنے کے ساتھ ہی اچانک سخت ژالہ باری اور بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ ادھر ذرائع نے بتایا ہے کہ شمالی کشمیر کے گلمرگ ، سوپور ، بانڈی پورہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں میں شدید ژالہ باری سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔