پٹنہ،5؍جون،؍ہماراسماج :یہ خبر انتہائی خوش کن ہے کہ ملک کی مایہ ناز ملی تنظیم آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ میں بطور جنرل سکریٹری مولانا احمد فیصل رحمانی(امیر شریعت امارت شرعیہ بہار ،اڑیسہ،جھارکھنڈ ) کا انتخاب عمل میں آیا ۔جو ایک معروف اسلامی اسکالر ہیں ۔ اندور مدھیہ پردیش میں 3/4جون کو منعقد ہونے والے جلسہ میں پورے ملک سے تشریف لانے والے ممبران پرسنل لا بورڈ اور علمائے اسلام نے مولانا احمد فیصل رحمانی کا انتخاب کر کے یہ واضح کر دیا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ آج بھی محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔مذکورہ خیالات کا اظہار آج جے ڈی یو کے ایم ایل سی ڈاکٹر خالد انور نے مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کو آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا جنرل سکریٹری بنائے جانے پر پریس کو جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔آج مولانا فیصل رحمانی کی پٹنہ آمدپر ڈاکٹر خالد انور نے ایئرپورٹ پر جاکر ان کا والہانہ استقبال کیااور مبارکباد پیش کی۔ ڈاکٹر خالد انور نے کہا کہ میں اپنی پارٹی جے ڈی یو اور پارٹی کے تمام لیڈروں کی جانب سے مولانا احمد فیصل رحمانی کو اس اہم ذمہ داری کے ملنے پر اپنی مبارکباد پیش کرتا ہوں،اور نتیش کمار جی کی قیادت میں موجودہ سرکار کی جانب سے بھی انہیں مبارکباد دیتے ہوئے انہیں یقین دلاتا ہوں کہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار ماضی کی طرح مستقبل میں آئین میں درج مسلم پرسنل لا کے حق میں ہمیشہ کھڑے رہیں گے ۔ماضی میں بھی نتیش کمار نے کئی مواقع پر مسلم پرسنل لا بورڈ کی تحریک کی تائید کی ہے ۔طلاق کا قانون بننے کا واقعہ تو سامنے کی بات ہے ۔انہوںنے کہا کہ ہمارے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی سرکار کا موقف بالکل واضح ہے کہ ہم کسی قوم یا کمیونٹی کے پرسنل لا میں کوئی مداخلت نہیں کریںگے اور آئین نے جو مراعات انہیں دی ہیں ان کی حفاظت میں نہ صرف کھڑے رہیںگے بلکہ اس کو گزند پہنچانے والوں سے لڑیںگے بھی ۔انہوںنے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک سیکولر جمہوری ملک کا یہی کردار ہونا بھی چاہئے اور نتیش کمار کی سرکار ہمیشہ اپنے اس موقف پر قائم بھی رہی ہے ۔ڈاکٹر خالد انور نے امید ظاہر کی کہ بورڈ مستقبل میں مولانا فیصل رحمانی کی خدمات سے مستفیض ہوتا رہے گا۔انہوںنےآخر میں کہا کہ میں ایک بار مزید مولانا احمد فیصل رحمانی کو آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا جنرل سکریٹری بنائے جانے پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ ان کے تبحر علمی سے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کو مستقبل میں مزید کامرانیاں حاصل ہونگی ۔