ممبئی: جمعیۃ علماءمہاراشٹر کے اراکین عاملہ ، مدعو ئین خصوصی ،ضلعی،شہری وزون جمعیۃکے صدور ونظماءاعلیٰ کاحاجی محمد صابو صدیق مسافر خانہ (کرافورٹ مارکیٹ ممبئی )میں ایک روزہ اجلاس اختتام پذ یر ہوا جس کے دوران مسلمانوں کے موجودہ حالات کے تناظر میں معاشرتی بگاڑ کے سد باب پر غورو خوض کیا گیا اور اس تعلق سے لائحہ عمل تیار کیا گیا۔اجلاس کے مہمان خصوصی حضرت مولانا سید اظہر مدنی ( ناظم اصلاح معاشرہ وناظم دفتر جمعیۃ علماءہند )نے اپنے کلیدی خطاب میں فرمایا کہ ہماری نئی نسل میں منشیات کی عادت بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے ساتھ ہی ارتداد کا فتنہ بھی بہت تیزی سے اپنا سر اٹھا رہا ہے دنیوی اور اخروی زندگی کے انجام سے بے خبر کچھ مسلم لڑکے اور لڑکیا ں مذہب اسلام کو خیر آباد کہہ کر غیروں کو اپنا شریک حیات بنارہی ہیں۔ مولانا اظہر مدنی نے مزید کہا کہ ہمیں مسجد وار یا محلہ کمیٹی تشکیل دے کر معاشرہ کے بگاڑ پر خاص دھیان دینے منشیات اور ارتدادی فتنے جیسے سلگتے مسائل کے سد باب کے لیئے مسلسل کوشش کرتے رہنے کی سخت ضررورت ہے ۔مولانا مدنی نے اپنے تفصیلی خطاب میں فرمایا کہ تین چیزیں اصلاح معاشرہ کےلئے بہت اہمیت کی حامل ہیں ( 1) دینی مکاتب کا نظام محلہ وار قائم کیا جائے (2)دعوت کا کام (3)اصلاح معاشرہ۔ مولانا نے مزید فرمایا کہ اصلاح معاشرہ کی تحریک کو فروغ دینے اور ا س کو موثر و مفید بنانے کےلئے ہر شخص اولاً اپنی ذات سے اصلاح کے عمل کو شروع کرے۔ مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب ( جنرل سکریٹری جمعیۃ علماءمہاراشٹر ) نے اصلاح معاشرہ کے عنوان سے منعقدہ میٹنگ میں ریاست کے تمام ضلعی ،شہری، وزون جمعیتوں کی مقامی یونٹوں سے تشکیل شدہ اصلاح معاشرہ کمیٹیوں کی تفصیلات پیش فرمائی اور اصلاح معاشرہ کی تحریک کو منظم انداز میں بستی بستی قریہ قریہ مسلسل چلانے پر زوردیا اور شرکاءاجلاس کو اس جانب خصوصی توجہ دینے کی اپیل کی ، مولانا نے جمعیۃ علماءمہاراشٹر کے دینی تعلیمی بورڈ کے ماتحت جاری مکاتب کی اجمالاً روداد بیان کرتے ہوئے ریاست میں مزید مکاتب کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔حاجی بشیر موسیٰ پٹیل صاحب ( چیئرمین حاجی محمد صابو صدیق مسافر خانہ ٹرسٹ ممبئی ) نے خطاب کرتے ہوے کہاکہ حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب (صدر جمعیۃ علماءہند ) سے اللہ رب العزت بڑا کام لے رہا ہے حال ہی میں مدارس کے سروے کے سلسلے میں حضرت کے بیان نے پورے معاملہ کو ہی ختم کردیا ہے اللہ رب العزت تادیر سایہ حضرت کا ہمارے سروں پر قائم ودائم رکھے، آج ہمیں انتہائی مسرت ہوری ہے کہ حضرت کے فرزند ارجمند ہمارے درمیان تشریف فرما ہیں۔ اجلاس کی صدارت حافظ مسعود احمد حسامی ، نائب صدر جمعیۃ علما ءمہاراشٹر نے کی۔
اجلاس کا آغاز قاری محمد ادریس انصاری صدر جمعیۃ علماءشہر پونے کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ آخر میں اجلاس کے صدر حافظ مسعود احمد حسامی صاحب نے خطبہ صدارت پیش کیا، بعدہ مولانا سید اظہر مدنی صاحب کی دعا پر مجلس کا اختتام عمل میں آیا ۔اس اجلاس میں سیکڑوں کی تعداد میں اراکین مجلس عاملہ اور مدعوئین خصوصی ،ضلعی شہری اور زون جمعیتوں کے ذمہ داران نے شرکت فرمائی ۔