ممبئی: نبی کریم نے جیسا پاکیزہ معاشرہ تیار کیا تھا ویسا پاکیزہ معاشرہ بنانے کی آج ضرورت ہے ،مسلمان آج کے حالات میں آپس میں اتحاد پیدا کریں اور اپنے بچوں کو دینی اور عصری تعلیم ضرور دلائیں چاہے ایک وقت بھوکا ہی رہنا پڑے،ان تین باتوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنا ئیںاور اپنے آپسی معاملات میں بگاڑ کی صورت میں ہم اسلامی شرعی عدالت بنام درالقضا جو ہر ضلع میں قائم ہے سے رابطہ کرکے اپنے آپسی معاملات کا حل تلاش کریں،یہی وقت کا تقاضہ ہے آپسی اتحاد کا کا قیام اصلاح معاشرہ کی اہم کڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار حضرت مولانا محمد یامین قاسمی صاحب ( مبلغ دار العلوم دیو بند ) نے گذشتہ دنوں جمعیۃ علماءکے زیر اہتمام ڈاکٹر ذاکر حسین ا سکول نزد محمد ی مسجد زم زم کالونی لونار ضلع بلڈانہ میں منعقدہ جلسہ اصلاح معاشرہ اور ہماری ذمہ داریاںسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس اجلاس سے مفتی محمد روشن صاحب قاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماءودربھ مہا راشٹر) نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ جہیز کی لعنت ہمارے مسلم معاشرہ کو کیسے برباد کررہی ہے تفصیلی روشنی ڈالی اور مجمع میں نوجوان بچوں سے عہد لیا کہ نکاح میں ایک پھوٹا ہوا کپ بھی نہیں لیںگے، نہ بارات لے کر جائیں گے۔ البتہ ولیمہ مسنون طریقہ سے کریں گے، علماءکرام کو اپنے بچوں کے نکاح بالکل سنت و شریعت کے مطابق کرنا ہوگا،تبھی یہ ممکن ہوسکتا ہے کہ مسلم معاشرہ میں شادی سادگی سے انجام پائے۔ مفتی صاحب نے مزید فرمایا کہ ہمارے صوبائی صدر محترم مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب ( صدرجمعیۃ علماءمہا راشٹر ) کی ہدایت پر صوبے بھر میں منعقد ہونے والے پروگراموں سے یہی چاہا جا رہا ہے کہ امت کی اصلاح ہو جائے ،ہمارا نوجوان برائیوں کے دلدل میں پھنسے سے محفوظ رہے اللہ ہم سب کی اصلاح فر مائے۔
اجلاس کا آغاز مولانا طارق صاحب مظاہری (امام و خطیب مرکز لونار ضلع بلڈانہ) کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا،حافظ محمد ایاز صاحب اشاعتی (صدرجمعیۃ علماءلونار ضلع بلڈانہ) نے نبی کی شان اقدس میں نعت پاک کا نذرانہ پیش کیا حافظ محمد رضوان عثمانی نے علماءدیوبند کی شان میں ترانہ پیش کیا، متعلم اویس خان پٹھان نے ایک نظم صحبت اللہ والوں کی نظم کو اپنی مترنم آواز میں پڑھ کر شرکا کو محظوظ کیا۔ اس اجلاس میں جمعیۃ علماءکے ضلعی و شہری عہدیداران و اراکین بالخصوص مولانا مدبر خانصاحب، فاروق بھائی، مولانا اویس خان صاحب، مفتی محمد یونس صاحب قاسمی، مفتی محمد شارق صاحب قاسمی، بلال احمد درانی ،حافظ حیدر صاحب،مولانا مجاہد صدر شہر بلڈھانہ ،مولانا محمد شریف خان صاحب صدرجمعیۃ علماءضلع بلڈھانہ، حافظ مستقیم صاحب مہکر ، محمد رضوان جڈ ڈ ا جمعیۃ علماءو حفاظ اکرام و ائمہ مساجد و ذمہ داران لونار و ضلع بلڈھانہ نے شرکت کی،ناظم جلسہ مفتی محمد یونس قاسمی نے اظہار تشکر کیا،اجلاس کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار لونار شہر صدرجمعیۃ علماءالحاج محمد رضوان جڈ ڈ ا اور انکے رفقاءور جمیع علماءو نوجوانان لونار کا بھر پور تعاون حاصل رہا۔