ایڈیلیڈ، ایلکس ہیلز (86 ناٹ آؤٹ) اور جوس بٹلر (80 ناٹ آؤٹ) کی نصف سنچریوں کی بدولت انگلینڈ نے جمعرات کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ہندوستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان کے ساتھ فائنل میں جگہ بنالی۔ہندوستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا جسے بٹلر-ہیلز کی جوڑی نے چار اوورز باقی رہتے حاصل کر لیا۔ایلکس ہیلز نے 47 گیندوں پر چار چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 86 رنز بنائے جبکہ کپتان بٹلر نے 49 گیندوں پر نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 80 رنز بنائے ۔میلبورن میں اتوار کو ہونے والے فائنل میں انگلینڈ اور پاکستان دونوں ٹیمیں دوسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتنے کا دعویٰ پیش کریں گی۔ انگلینڈ نے اس سے قبل 2010 میں ٹائٹل جیتا تھا جب کہ اسے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2016 کے فائنل میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔دوسری جانب پاکستان نے 2009 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹرافی اپنے نام کی تھی اور یہ ان کا دوسرا فائنل ہے ۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 1992 کے ورلڈ کپ کا فائنل بھی انگلینڈ میں کھیلا گیا تھا جہاں عمران خان کی ٹیم نے انگلینڈ کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔قبل ازیں ہندوستان نے ہاردک پانڈیا (63) اور وراٹ کوہلی (50) کی نصف سنچریوں کی بدولت ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے سامنے 169 رن کا ہدف رکھا۔انگلینڈ نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو بیٹنگ کے لیے بلایا اور دوسرے ہی اوور میں کے ایل راہل کو آؤٹ کردیا۔ روہت شرما نے کوہلی کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 47 رن جوڑے لیکن وہ 28 گیندوں میں 27 رنز ہی بنا سکے ۔عادل رشید نے ہندوستان کی مشکلات میں اضافہ کرتے ہوئے رن ریٹ پر لگام لگائی اور سوریہ کمار یادو (14) کا بیش قیمتی وکٹ حاصل کیا۔ہندوستان نے 14 اوورز میں صرف 90 رن پر تین وکٹیں گنوا دیں اورانہیں ایک چیلنجنگ اسکور تک پہنچنے کے لیے دھماکہ خیز شراکت کی ضرورت تھی۔ کوہلی اور پانڈیا نے وہ شراکت داری نبھاتے ہوئے 40 گیندوں میں 61 رنز جوڑے ۔ تاہم کوہلی 18ویں اوور کی آخری گیند پر آؤٹ ہو گئے ۔ کوہلی نے 40 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 50 رنز بنائے جبکہ کرس جارڈن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں کوہلی کو آؤٹ کرنے والے پہلے بولر بنے ۔کوہلی کا وکٹ گرنے کے بعد بھی پانڈیا نہیں رکے ۔ انہوں نے 19ویں اوور کی آخری گیند پر چوکا جڑ کر 29 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی، جبکہ آخری اوورمیں کرس جارڈن کو ایک چوکا اورایک چھکا لگاکر ہندوستان کو 20 اوور میں 168/6 تک پہنچا دیا۔پانڈیا نے اپنی شاندار اننگز میں 33 گیندیں کھیلی اور چار چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے ۔ انگلینڈ کی جانب سے جارڈن نے چار اوورز میں 43 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ کرس ووکس اور عادل رشید نے کو ایک ایک وکٹ ملا۔