نئی دہلی ،14؍جولائی، ہمارا سماج:سالہائے گذشتہ کی طرح امسال بھی ایران کلچرہاؤس نئی دہلی کی جانب سے عید میلاد النبیؐ کے مبارک موقع پرچوبیسویں سہ روزہ کل ہندمسابقۂ حفظ،تجویدکے ساتھ ساتھ امسال تفسیر قرآن کریم کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے جس میں شرکت کے لئے فارم بھر نے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔فارم ارسال کرنے کی آخری تاریخ۲۰ ؍اگست2023ہے۔ جبکہ تفسیر قرآن سے متعلق مسابقہ میں شرکت کرنے والے حضرات ۱۳؍جولائی۲۰۲۳ء تک فارم جمع کرسکتے تھے اوریہ مسابقہ ۲۲؍اگست۲۰۲۳ء بروز منگل آن لائن منعقد کیاجائے گا۔ اس سہ روزہ مسابقہ میں کامیاب ہونے والے حفاظ و قراء کرام کو نقد انعام کے ساتھ ساتھ توصیفی سندو دیگر انعامات سے بھی نوازاجاتاہے۔حفظ وقرائت کے زمرہ میں اوّل پوزیش حاصل کرنے والے حضرات کو ایران کے بین الاقوامی مسابقہ میں شرکت کے لئے بھی بھیجا جاتاہے جس میں ہر مسلک ومکاتب فکر کے طلبہ واساتذہ شرکت کرتے ہیں۔ مسابقہ میں شرکت کیلئے فارم ویب سائٹ https://en.icro/new-delhiپر بھی دستیاب ہے۔ شرکت کنندگان پرُشدہ فارم ایران کلچرہاؤس کے ای میل ichdelhi@gmail.comپربھیج سکتے ہیں
ایران کلچرہاؤس کی جانب سے یہ مسابقہ گذشتہ۲۳ سالوں سے بڑے تزک و احتشام کے ساتھ منعقد کیاجارہاہے مدارس اسلامیہ وجامعات کے طلبہ بڑی دلچسپی کے ساتھ فن تجوید کے اس مسابقہ میں شرکت کرتے ہیںاس مسابقہ سے طلبہ میں مسابقتی ذوق بیدار ہوا ہے نیز مسابقہ کے خاطر خواہ مفید اثرات مرتب ہوئے ہیں۔جبکہ مسابقہ کاخاص دینی مقصد طلاب کی زندگی کے تمام امور میں قرآنی تعلیمات پر عمل کی ترغیب ، قرآن کریم کی صحیح تلاوت ، حفظ،تجوید اور تفسیر قرآن کریم میں دلچسپی پیداکرنا ہے،نسل نو میں مسابقاتی ذوق بیدارکرنے کی غرض سے ہر سال اس مسابقہ کا انعقاد کیاجاتاہے تاکہ امت مسلمہ اس کتاب مقدس سے وابستہ ہوکر دنیا وآخرت کی سعادت سے ہمکنار ہوسکے اور دنیا کو امن وآشتی کا پیغام دے سکے۔