آکولہ: ہمارےنوجوان معاشرہ کے ریڑھ کی ہڈی کے مانند ہیں وہ اپنی صلاحیتوں کو صحیح جگہ استعمال کریں،اس ضمن میں وہ مشہور حدیث بھی بیان فر مائی جس میں اللہ کے رسول نے فرمایا کہ انسان کے قدم میدان محشر میں اس وقت تک نہیں ہٹیں گے جب تک وہ پانچ سوالوں کا جواب نہیں دیں گے،عمر کہاں لگائے،مال کہاں سے کمایا، کہاں خرچ کیا،اپنے علم پر کتنا خرچ کیا وغیرہ۔ان خیالات کا اظہار حضرت مولانا محمد یامین قاسمی صاحب ( مبلغ دار العلوم دیو بند ) نے گذشتہ کل جمعیۃعلماءکے زیر اہتمام دیاوان فنکشن شہر بارسی ٹاکلی ضلع اکولہ میں منعقدہ جلسہ اصلاح معاشرہ و سیرۃ النبی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا یامین قاسمی صاحب نے اپنے پرمغز اور تفصیلی خطاب معاشرے میں فروغ پا رہی برائیوں جیسے دیر سے نکاح کرنے ، اور نوجوانوں کا بے مطلب اپنا قیمتی اوقات ضائع کرنے و دیگر منکرات سے اجتناب کرنے کی تاکید کی۔
اس موقع پر اجلاس کی صدارت فرمارہے علاقہ کے معروف و مشہور برزگ عالم دین حضرت مولانا مفتی محمد روشن شاہ صاحب( مہتمم دارالعلوم سونور ی و جنرل سکریٹری جمعیۃعلماءودربھ مہا راشٹر ) نے خطاب کرتے ہوئے فر مایا کہ نکاح میں آسانی پیدا کی جائے اور بے جا رسومات جیسے جہیز وغیر سے معاشرے کو پاک کیا جائے،جہیز والی شادیوں اور رسم و منگنی کی تقریبات میں شرکت کرنے سے گریز کیا جائے۔مفتی صاحب نے مزید فرمایا کہ ہمارے صدرمحترم مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب ( صدر جمعیۃعلماءمہا راشٹر ) کی کوششوں اور کرم فرمائیوں کی وجہ سے ہمارے علاقے میں ملک کے اکابر علماءکرام خاص طور پر دار العلوم دیوبند کے اساتذہ و مبلغین کرام تشریف لاتے ہیں اور اپنے بیانات سے عوام کو مستفید فرماتے ہیں۔ مولانا سید وصی اللہ صاحب ( صدر جمعیۃعلماءضلع اکولہ )نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ معاشرے میں برائیاں تین وجوہات سے زیادہ پنپ رہی ہیں ،(۱)موبائل کا غلط استعمال(۲) بد نظری و بے پردگی(۳)حرام کمائی اس لئے ان تینوں منکرات سے بچنے کی کوشش کریں۔
اجلاس کا آغاز حافظ عادل شاہ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، حافظ سیدرزین نے نعت پاک پیش کیا ،۔ مولانا عبدالسلام صاحب( صدر جمعیۃعلماءتحصیل بارسی ٹاکلی) نے جمعیۃعلماءکی سالانہ کارگزاری رپورٹ پیش کی اور مہمان کرام اور شرکاءاجلاس سے اظہار تشکر کیا۔ واضح رہے کہ اسی دن جمعیۃعلماءکی نگرانی میںبعد نماز ظہر انعامی جلسہ برائے علماءوحفاظ منعقد کیا گیاجس میں تاریخ اسلام میں سیرت صحابہ اور تاریخ ہند مبنی مسابقہ میں شرکت کرنے والے طلباءو طالبات کی ہمت افزائی کی گئی اس موقع پرمولانا سید وصی اللہ صاحب( صدرجمعیۃعلماءآکولہ ) اورحضرت مولانا یامین صاحب مبلغ دارالعلوم دیوبند کے خصو صی خطاب ہوئے ، ان دونوں پروگراموں میں جمعیۃعلماءکے جملہ عہدیدران و اراکین سمیت شہر کے علماءو حفاظ اور ائمہ مساجد سمیت عوام کی بڑی تعداد شریک تھی ،مجلس کے روح رواں مہمان مکرم حضرت مولانا محمد یامین صاحب قاسمی مبلغ دارالعلوم دیوبند کی دعا پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔