دہلی اور این سی آر میں آج ہفتہ کی شب زلزلے کے تیز جھٹکے محسوس کیے گئے۔ دہلی میں آئے زلزلے کی شدت ریختر اسکیل پر 5.4درج کی گئی ہے۔یہ زلزلہ دہلی اور این سی آر میں شام 7بجکر 57منٹ پر آیا ۔ دہلی میں یہ زلزلہ 50سیکنڈ تک محسوس کیا گیا جس کا مرکز نیپال کا بھانجا ضلع بتایاجارہا ہے ۔آج کے زلزلے کو اتراکھنڈ کے پوڑی، ٹہری، باگیشور، پتھوڑا گڑھ میں بھی محسوس کیا گیا ۔ اس سے قبل دہلی میںبدھ کی رات 2 بجے کے تیز جھٹکے محسوس کئے گئے تھے جن کی شدت 5.7 درج کی گئی تھی ۔ تب بھی اس کا مرکز نیپال بتایا گیا تھا۔ لیکن اس وقت نیپال میں اس زلزلے کی شدت 6.3ریکارڈ کی گئی تھی۔دہلی اور قرب و جوار علاقوں میں آئے زلزلے کے بعد لوگ گھروں سے باہر نکل آئے ۔ابھی تک کہیں سے کسی جان و مال کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ اس کی تصدیق کے لیے سوشل میڈیا ویب سائٹس پر بھی گئے۔ بہت سے لوگوں نے ٹوئٹر کا رخ کیا اور دوسرے صارفین کے ذریعے معلوم ہوا کہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی کئی لوگوں نے ٹوئٹر پر زلزلے کے بارے میں مضحکہ خیز میمز بھی شیئر کیے۔