دہلی میں اسرائیلی سفارت خانہ کے پاس دھماکہ ، پولیس سرچ آپریشن میں مصروف
نئی دہلی : 26دسمبر /سماج نیوز سروس ۔منگل کو دہلی میں اسرائیلی سفارت خانے کے پاس دھماکے کی خبر نے سبھی کو چونکا دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ دھماکہ اسرائیلی سفارت خانے کے پیچھے خالی پلاٹ میں ہوا۔ ایک شخص نے پولیس کو فون کرکے دھماکہ کی اطلاع دی، جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ فی الحال پولیس سرچ آپریشن میں مصروف ہے تاہم ابھی تک کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔ تاہم موقع پر تفتیش جاری ہے۔ اس دوران اسپیشل سیل کی ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی ہے۔ دھماکہ کی جگہ کے قریب سینٹرل ہندی ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے سیکورٹی گارڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سب کچھ اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔ گارڈ تیجو چھیتری نے نیوز 18 کو بتایا کہ میں نے دھماکے کی آواز سنی تھی اور دھواں اٹھتا بھی دیکھا۔ میں نے ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی اور باہر آکر دیکھا تو کچھ بھی نہیں تھا۔ دھواں اٹھتا بھی دیکھا۔ دھماکے کی آواز اسرائیلی سفارت خانے تک پہنچی۔نئی دہلی میں اسرائیلی سفارت خانے نے بھی دھماکہ کی تصدیق کی ہے۔ سفارتخانہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم تصدیق کر سکتے ہیں کہ شام 5 بج کر 10 منٹ پر سفارت خانہ کے قریب دھماکہ ہوا تھا۔ دہلی پولیس اور سیکورٹی ٹیمیں ابھی بھی صورتحال کی جانچ کر رہی ہیں۔ایک عینی شاہد نے واقعہ کے حوالے سے بتایا کہ دھماکہ شام 5 بجے کے قریب ہوا، میں اپنی ڈیوٹی پر تھا کہ ایک بڑی آواز سنی۔ جب میں باہر آیا تو میں نے دیکھا کہ ایک درخت کے اوپر سے دھواں اٹھ رہا ہے، میں نے بس اتنا ہی دیکھا… پولیس نے میرا بیان لے لیا ہے۔
اسرائیلی سفارت خانے میں دھماکے کی خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیل بیک وقت تین محاذوں پر جنگ لڑ رہا ہے۔ ایک طرف جہاں وہ غزہ میں حماس سے مقابلہ کر رہا ہے تو دوسری طرف اس نے حوثی باغیوں اور حزب اللہ کے خلاف بھی محاذ کھول رکھا ہے۔