اس ’غیرقانونی‘ فضائی حدود کی خلاف ورزی کے نتیجے میں دو بچے ہلاک جبکہ تین لڑکیاں زخمی، پاکستان نے ناراضگی ظاہر کرتےہوئے اپنے سفیر واپس بلائے
’’پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی بیان میں ایران کے اس اقدام کی شدید مذمت کی گئی ہے تاہم حملے کی نوعیت، یعنی آیا اس حملے میں میزائل داغے گئے یا ڈرون حملہ کیا گیا، کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا ہے‘‘
نئی دہلی :17جنوری /بی بی سی ،سماج نیوز سروس ۔اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری جنگ کے دوران اچانک جس طرح سے ایران نے پاکستان کے بلوچستان میں میزائل سے حملے کیے ہیں اس سے دنیا کی ساری توجہ اس جانب مرکوز ہو گئی ہے ۔ حالانکہ ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملہ دہشت گرد تنظیم پر کیا گیا ہے تاہم اس حملے کو غیر قانون قرار دیتے ہوئے پاکستان نے اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے اور اپنے سفیر کو ایران سے واپس بلا لیا ہےاور ایران کے سفیر کو روک دیا ہے۔ایران کی کاروائی کے بعد اب ایسا لگ رہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات خراب ہو جائیں گے ۔تفصیل کے مطابق ایران کی سکیورٹی فورسز نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صوبہ بلوچستان کے ایک سرحدی گاؤں ’سبزکوہ‘ میں رہائشی علاقے کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا ہے ۔پاکستانی حکام کے مطابق جس علاقے کو نشانہ بنایا گیا ہے وہ پنجگور شہر سے اندازاً 90 کلومیٹر دور اور ایران کے سرحد کے قریب واقع ہے۔پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے کی گئی اس ’غیرقانونی‘ فضائی حدود کی خلاف ورزی کے نتیجے میں دو بچے ہلاک جبکہ تین لڑکیاں زخمی ہوئی ہیں۔پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی بیان میں ایران کے اس اقدام کی شدید مذمت کی گئی ہے تاہم حملے کی نوعیت، یعنی آیا اس حملے میں میزائل داغے گئے یا ڈرون حملہ کیا گیا، کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔ایران کی جانب سے اس واقعے پر اب تک کوئی باضابطہ یا سرکاری سطح پر ردعمل نہیں دیا گیا ہے تاہم ایران کی نیم سرکاری اور پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ نیوز ایجنسی ’تسنیم نیوز‘ کے مطابق پاکستان میں جیش العدل نامی عسکریت پسند گروہ کے دو اہم ٹھکانوں کو میزائل اور ڈرون حملوں کے ذریعے تباہ کیا گیا ہے۔خبر رساں ادارے نے کہا ہے کہ حاصل ہونے والی اطلاعات کے مطابق اس آپریشن کا مرکزی ہدف پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں کوہ سبز کا علاقہ تھا، جو پاکستان میں جیش العدل کے عسکریت پسندوں کا سب سے بڑے مرکز قرار دیا جاتا ہے۔نامہ نگار بی بی سی محمد کاظم سے بات کرتے ہوئے کمشنر مکران ڈویژن سعید عمرانی نے سبز کوہ میں میزائل گرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس علاقے میں یہ میزائل گرے ہیں وہ آبادی والا علاقہ ہے جبکہ نقصان کی مزید تفصیلات اکھٹی کی جا رہی ہیں۔یاد رہے کہ ایران کی سکیورٹی فورسز کی جانب سے گذشتہ تین روز کے دوران سرحد پار کیا جانے والا یہ تیسرا میزائل حملہ ہے۔ پیر (15 جنوری) کو پاسدارانِ انقلاب نے عراق کے کرد علاقے اربی پر 11 بیلسٹک میزائل داغے تھے اور یہ دعویٰ کیا تھا عراق میں اسرائیلی اہداف (موساد کے اڈوں) کو نشانہ بنایا گیا ہے۔اسی طرح پیر ہی کے دن پاسداران انقلاب نے شام پر میزائل حملہ کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ اس نے وہاں شدت پسند گروہ نام نہاد دولت اسلامیہ کے ٹھکانے تباہ کیے ہیں












