نئی دہلی، پریس ریلیز،ہمارا سماج:ملک (تیلی)برادری کی میٹنگ جعفرآباد کی گلی نمبر ۳۵ میں واقع بشیر پردھان ہال میں منعقد ہوئی جس کی صدارت حاجی نجمو اور نظامت میٹنگ کے کنوینرذاکر حسین پپو(چیئر مین ڈاکٹر ذاکر حسین فاؤنڈیشن)نے کی۔ اس موقع پر برادری کے مسائل ،برائیوں کے خاتمے ،فضول خرچی،آپسی اتحاد و تعلیمی بیداری پر تبادلہ خیال ہوا۔ممبر اسمبلی سیلم پور عبدالرحمن ملک نے کہا کہ شادیوں میں کھانے کی بربادی دیکھ کر بہت دل دکھتا ہے ۔دیکھا یہ جاتا ہے کہ ٹیبل کھانے سے بھری ہوئی ہوتی ہے مگر ہلکا سا بھی ٹھنڈا ہوا تو اسے نیچے ڈال دیتے ہیں ،ہمیں رزق کی قدر کرنا چاہئے کہیں ایسا نہ ہو کہ خدا ہم سے ناراض ہوجائے ۔ہم چاہتے ہیں کہ جو بچہ ڈاکٹر ،انجینئر یا دیگر پروفیشنل کورسیز کرکے اعلی ٰ منصب پر فائز ہو وہ پہلے حافظ اور عالم بھی بنے تاکہ ایک صحت مند معاشرہ کی تشکیل عمل میں آسکے۔اب ہمیں دین و دنیا کا خسارہ اور اپنے بچوں کے مستقبل کے لئے سوچنا ہوگا ،فضول خرچی اور رسم و رواج پر پابندی عائد کرنی ہوگی اورجمیل ملک نے کہا کہ ہماری برادری فضول خرچی کی طرف گامزن ہے اس پر بریک لگانے کی ضرورت ہے ، آج اس میٹنگ میں اتنی بڑی تعداد میں لوگ جمع ہیں مجھے یقین ہے کہ اس کے مثبت نتائج دیکھنے کو ملیں گے۔شمیم ملک نے کہا کہ لڑکی والوں پر رحم کرو ،وہ تعلیم بھی خرچ کرے ،جہیز بھی دے ،باراتیوں کو کھانا بھی دے اور جھوٹ بھی دے اس ظلم و زیادتی سے خدا را خود کو روکیں۔حاجی ظفرالدین نے کہا کہ سب کچھ ٹھیک ٹھاک ہوجائے گا اگر ہم شریعت پر عمل پیرا ہوجائیں ۔حاجی مشیر نے کہا کہ جس طرح پہلے گھرو بستی دار مل جل کر مہمانوں کو کھاناکھلاتے تھے اسی روایت کو قائم کیا جائے ،ویٹروں پر منحصر نہ ہوں اس سے کھانے میں برکت ہوگی اور آپسی میں محبت بھی پیدا ہوگی۔ حاجی ظفر نے کہا کہ جتنا ہم شادیوں میں خرچ کرتے ہیں اسے بچا کر اسکول ،کالج اور یونیورسٹیز قائم کرسکتے ہیں۔ان کے علاوہ حاجی بابو ملک ،حاجی ریاض الدین، شیر خان ملک،مبین ملک،حاجی رئیس،سلیم ملک،سلمو،حاجی شمسو،نور محمد ملک او ر انتصارملک ودیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔میٹنگ کو کامیابی سے ہمکنا رکرنے میں حاجی نصیر احمد گڈو ،صدام پردھان،بھلن ملک،منیرملک،غفران ملک ،عدنام بشیراور فہد نصیر نے اہم کردار اداکیا۔












