نئی دہلی، پریس ریلیز،ہمارا سماج:مشرقی دہلی کے گوتم وہارکی مشہور ومعروف دینی درسگاہ مدرسہ اسلامیہ عربیہ فیض العلوم (کھڈے والی جامع مسجد) میںسالانہ جلسہ دستار بندی کا انعقاد کیاگیاجس کی صدارت مفتی محمد توحید قاسمی ونظامت مولانا محمود الحسن امینی و سرپرستی حاجی عبدالرحمن نے کی جبکہ محمد عاصم کی تلاوت اور محمد ممتاز مظاہری کے نعتیہ کلام سے ہوا۔اس موقع پرعلما کرام کے ہاتھوں قرآن شریف کاحفظ مکمل کرنیوالے پانچ بچوں(1) حافظ ابو بکر(2)حافظ محمد توحید(3)حافظ محمد سعد(4)حافظ محمد فیض اور (5)حافظ محمد شہزاد کی دستار بندی عمل میں آئی۔جلسہ میں مہمان خصوصی معرو ف عالم دین مفسرقرآن مولانا انیس احمد آزاد قاسمی بلگرامی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مدارس اسلامیہ کی ضرورتوں کا خیال رکھنا اور ان کی امداد کرنا عوام کی ذمہ داری ہے کیونکہ ہمارے بزرگوں نے جو کارنامہ انجام دیا ہے وہ مدارس اسلامیہ کی شکل میں ہے اور یہی مدارس اسلامیہ مذہب اسلام کے تحفظ وبقا کی ضمانت ہیںجن کا جگہ جگہ قیام مسلمانوں کے مفاد میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مدارس میں تکمیل حفظ والا عمل نبیوں والا ہے کیونکہ آپؐ نے سب سے پہلے صحابہ کرامِؓ کوقرآن کریم حفظ کرایا تھااور تبھی سے قرآن شریف کے حفظ کا عمل ایک لمحہ کیلئے بھی نہیں رکا ہے اور یہ سلسلہ قیامت تک جاری رہے گاجس کے خلاف کوئی بھی سازش نہ کامیاب ہوئی ہے اور نہ ہی کامیاب ہوسکتی ہے۔اس مدرسہ کے مدرس قاری عبیداللہ اور قاری محمد مظہر کی لگن و جدو جہد کی ستائش کی گئی اور امید کی ہے کہ ان کی جدو جہد سے گوتم وہار کا یہ ادارہ تعلیمی میدان میں مزید ترقی کرے گا۔دیر رات گئے مولانا انیس احمد قاسمی کی دعا پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔اس موقع پر مفتی محمد افہام،حاجی محمد راشد،قاری محمد عثمان،قاری محمد شاہ نواز،مولانا محمد اطہر ،بدر عالم،حافظ محمد وسیم کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔












