ملک کا پہلا پرائیویٹ راکٹ کامیابی کیساتھ لانچ
سری ہری کوٹا، (آندھرا پردیش): ہندوستانی خلائی تحقیق تنظیم (اسرو) نے جمعہ کو ملک کا پہلا پرائیویٹ راکٹ وکرم ایس کو کامیابی سے لانچ کیا جس کا نام ’پررامبھ‘ہے ، جس نے سنہری تاریخ رقم کی۔تین گھنٹے کی الٹی گنتی کے بعد صبح 11.30بجے ’پررامبھ‘نے یہاں سے کامیابی کے ساتھ اڑان بھری۔ حیدرآباد کی اسکائی روٹ ایرو اسپیس کمپنی نے اس راکٹ کو تیار کیا ہے ۔545 کلوگرام وزنی، ٹھوس ایندھن سے چلنے والا اور چھ میٹر لمبا، سب آربیٹل لانچ وہیکل کو ساؤنڈ راکٹ لانچ سے چھوڑا گیا۔ تین پے لوڈ کے ساتھ اس راکٹ کے کامیاب لانچ کے ساتھ ہی ہندوستان نے خلا میں ایک اور بڑی چھلانگ لگا دی ہے‘۔اسکائی روٹ ایئراسپیس نے ٹویٹ کیا’دل کی دھڑکن تیز-سب کی نظریں آسمان کی طرف ہیں- زمین سن رہی ہے‘۔خلائی شعبے کی کمپنیوں کی تنظیم انڈین اسپیس ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) اے ۔ کے بھٹ نے ملک کے پہلے نجی شعبے کے راکٹ لانچ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک نئے اسٹارٹ اپ کی طرف سے اس پہلی لانچ نے پوری دنیا میں ہندوستانی نجی خلائی کمپنیوں کے وقار میں اضافہ کیا ہے‘۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ہندوستان میں پرائیویٹ سیکٹر جس قابلیت پر فخر کرتا رہا ہے اس کا مظاہرہ خلا میں ہوا ہے ۔ واضح رہے کہ انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے تعاون سے نجی کمپنی اسکائی روٹ ائرواسپیس کے وکرم-ایس سیریز کے پہلے راکٹ ’پرارمبھ‘کو جمعہ کو کامیابی کے ساتھ لانچ کیا گیا۔ اسکائی روٹ دو بار نیشنل ایوارڈ یافتہ اور نجی شعبے میں پہلا ہندوستانی اسٹارٹ اپ ہے جس نے لانچ کیلئے اسرو کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں۔جنرل بھٹ نے ایک بیان میں کہا کہ 2018میں اپنے آغاز کے بعد سے اسکائی روٹ نے چھوٹی لوڈ لانچ گاڑیاں بنانے میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا ہے ۔ یہ راکٹ صرف دو سال میں تیار کیا گیا۔ ’وکرم ایس‘ راکٹ کی کامیابی وکرم سیریز کی ٹیکنالوجی کی مزید توثیق کرے گی۔انڈین اسپیس ایسوسی ایشن کے مطابق ہندوستان کی خلائی معیشت 13بلین ڈالر تک بڑھنے کی امید ہے اور 2025تک راکٹ لانچ مارکیٹ میں 13فیصد سالانہ ترقی کی توقع ہے ۔ پرائیویٹ سیکٹر کی شمولیت سے ہندوستان میں راکٹ لانچنگ خدمات کی لاگت میں بھی بہتری کی امید ہے۔