نئی دہلی ،پریس ریلیز،ہماراسماج:جامعہ ملیہ اسلامیہ کے تحت چلنے والی ڈاکٹرذاکر حسین میموریل ویلفیئر سوسائٹی کے چائلڈگائیڈینس سینٹرمیں عالمی ڈاؤن سنڈروم ڈے (World Down Syndrome Day) پورے جوش اور روایتی جذبے سے منایا گیا۔ڈاؤن سنڈروم ایک جینیاتی بیماری ہے جس کا علاج بچے کی پیدائش سے پہلے ممکن ہوتاہے لیکن پیدائش کے بعداس کے منفی اثرات بچے کی جسمانی ساخت کو بری طرح متاثر کرتے ہیں۔یہ اس وقت ہوتاہے جب بچے کی پیدائش 46 کی جگہ 47 کروموزومس (chromosomes)کے ساتھ ہوتی ہے۔یہ زائد کروموزوم 21 کروموزوم کی اصطلاح کے نام سے جانا جاتاہے۔یہی کروموزوم بچے کی دماغی نشو ونما میں تاخیر اور کئی طرح کی جسمانی معذوریوں اور عوارض کا سبب بنتاہے۔اس سے متاثرہ بچوں کے لیے معمول کی زندگی گزارنا کا فی مشکل ہوتاہے اور ان کی مسلسل تربیت ونگہداشت کے ذریعے ان کی زندگی کو بہتر بنایا جاسکتاہے۔پوری دنیا میں اس وباکے تئیں حساسیت اور بیداری پیداکرنے کے لیے اور اس سے متاثرہ بچوں کو معمول کی زندگی تک لانے کے لیے ہر سال 21 مارچ کو پوری دنیا میں عالمی ڈاؤن سنڈروم ڈے منایاجاتاہے۔جامعہ ملیہ اسلامیہ کے کارگزار وائس چانسلرپروفیسر اقبال حسین اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ فیکلٹی آف ایجوکیشن کی ڈین اور ڈاکٹرذاکر حسین ویلفیئر سوسائٹی کی سکریٹری جنرل پروفیسر سارہ بیگم مہمان اعزازی کے طورپر تقریب میں تشریف لائیں۔وائس چانسلر اور سبھی مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے پروفیسر سارہ بیگم نے اپنے خطاب میں اس وبا کی وجہ سے ہونے والے جسمانی عوارض پر تفصیل سے بات کی اور بتایا کہ چائلڈ گائیڈینس سینٹرمیں ایسے بچوں کی تربیت کے لیے خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔پروفیسر اقبال حسین نے اس وبا سے متاثرہ بچوں کو معمول کی زندگی کی طرف لانے کے لیے خصوصی ٹریننگ پر زوردیااور ان کی تعلیم کوبامعنی بنانے کے لیے خصوصی طریقہ ٔ تدریس اپنانے پر توجہ مرکوز کی۔تقریب میں مالویہ مشن ٹیچر ٹڑیننگ سینٹرکے ڈپٹی ڈائرکٹر اور جامعہ کے اسسٹنٹ پراکٹر ڈاکٹرمحمد اسجد انصاری، جامعہ کے اسکولوں کے پرنسپل صاحبان، سوسائٹی کے سبھی ارکان واساتذہ نیز سبھی بچے اور ان کے والدین شریک تھے۔ سینٹر کے پروجیکٹ ڈائرکٹر نسیم احمد کے اظہار تشکر پر پروگرام اختتام پذیر ہوگیا۔