بیروت(یو این آئی) ہندوستانی ٹیبل ٹینس کھلاڑی جی ستھیان گناشیکھرن نے مردوں کے سنگلز فائنل میں ہم وطن کھلاڑی مانو ٹھکر کو شکست دے کر ڈبلیو ٹی ٹی فیڈر بیروت ایونٹ کا خطاب جیت لیا، جبکہ دیا چیتلے اور مانوش شاہ نے مکسڈ ڈبلز کا خطاب جیتا۔
لبنان کے دار الحکومت بیروت کے الکوثر سیکنڈری اسکول میں جمعرات کے روز کھیلے گئے فائنل میں ستھیان گناشیکھرن نے ٹھکر کو 3-1 (6-11، 11-7، 11-7، 11-4) سے شکست دی۔ دو مرتبہ کامن ویلتھ گیمز کا گولڈ میڈل یافتہ فائنل جیتنے کے لیے ایک گیم سے بچھڑنے کے بعد واپسی کرتے ہوئے فائنل میں جیت درج کی ہے۔گناشیکھرن نے سیمی فائنل میچ میں چائنا تائپے کے چوانگ چیہ یوان کو 3-1 (11-8، 11-13، 11-8، 11-9) سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ اس کے ساتھ ہی مانو ٹھکر نے سیمی فائنل میں سابق ورلڈ چیمپئن شپ میں کانسے کا تمغہ جیتنے والے جنوبی کوریا کے کھلاڑی اے این جاہیون کو سیدھے گیمز میں 3-0 (11-9، 11-8، 12-10) سے شکست دی تھی۔مینز ڈبلز فائنل میں مانو ٹھکر اور مانوش شاہ کی جوڑی کو عالمی نمبر 29 جارج کیمپوس اور کیوبا کے اینڈی پریرا کے خلاف 3-1 (11-5، 7-11، 11-13، 12-14) سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔سیمی فائنل میں ٹھکر اور شاہ نے ہندوستان کے سنیہت سرواجولا اور جیت چندرا (11-3، 13-11، 7-11، 11-9) کو شکست دی تھی۔ ڈبلیو ٹی ٹی فیڈر بیروت میں مکسڈ ڈبلز کے فائنل میں دیا چیتلے اور مانوش شاہ نے مانو ٹھکر اور ارچنا کامتھ کو 3-1 (11-6، 10-12، 11-6، 11-6) سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔