ممبئی، (یو این آئی) ملک میں فٹ بال ٹیلنٹ کو دریافت کرنے اور اسے فروغ دینے کے مقصد کے ساتھ ڈریم اسپورٹس فاؤنڈیشن نے پیر کو ڈریم اسپورٹس چیمپئن شپ (ڈی ایس سی) کے آغاز کا اعلان کیا۔
اپریل اور مئی میں قومی سطح کی چیمپئن شپ میں ملک کے چھ بڑے فٹ بال سینٹرز حصہ لیں گے۔ یہ مقابلہ، جس میں اے آئی ایف ایف سے تسلیم شدہ سرکردہ کلبوں اور اکیڈمیوں کی ٹیمیں شامل ہیں، ہندوستانی فٹ بال میں نوجوانوں پر مبنی مقابلے کو مزید مضبوط کرنے کی سمت ایک مثبت قدم ہے۔
آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) کی شراکت داری کے ساتھ یہ ٹورنامنٹ کھلاڑیوں کو جون میں منعقد ہونے والے قومی کیمپ کے لیے انتخاب کی راہ ہموار کرے گا۔
لیگ کے آغاز پرڈریم اسپورٹس کے سی او او اور شریک بانی بھاویت شیٹھ نے کہا، "ہمارا خیال ہے کہ عالمی سطح کے چیمپئن بنانے کا راستہ طویل مدتی اور پائیدار پروگراموں پر منحصر ہے۔ ہماری پہلے سے موجود زمینی سطح کی ٹریننگ اور مینٹرشپ پروگراموں کے علاوہ، ہم نے اب ڈریم اسپورٹس چیمپئن شپ کے ذریعے اعلیٰ معیار کے مقابلے اور باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی شناخت کے لئے راہ ہموار کی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ڈی ایس سی مستقبل کے قومی چیمپئنز کی شناخت کے لیے ایک اسپرنگ بورڈ بنے گا۔
آئندہ 2024 فٹ بال ایڈیشن میں شرکت کرنے والی ٹیمیں علاقائی راؤنڈ مرحلے سے اپنی مہم کا آغاز کریں گی۔ یکم سے 18 اپریل تک ممبئی، دہلی، شیلانگ، کولکتہ، بنگلورو اور گوا میں منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ کی ٹاپ آٹھ ٹیمیں مئی میں قومی فائنل کے لیے ممبئی پہنچیں گی۔