آسام فارسٹ گارڈ سمیت 6کی موت،میگھالیہ کے 7اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل
آسام کے مغربی کاربی انگلانگ ضلع کی سرحد سے متصل میگھالیہ کے مغربی جینتیا ہلز ضلع کے مکروہ گاؤں میں منگل کی صبح گاؤں والوں اور آسام پولس کے درمیان جھڑپ میں آسام کے ایک فارسٹ گارڈ سمیت 6شہریوں کی موت ہوگئی۔ میگھالیہ کے چیف سکریٹری ڈونالڈ فلپس واہلانگ نے کہا کہ آسام کے تین شہری اور ایک فارسٹ گارڈ کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ ایک اور شہری کی بنیادی صحت مرکز لے جاتے ہوئے موت ہو گئی۔آسام پولس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ دیر رات تقریباً دو سے تین بجے اس وقت پیش آیا جب آسام فاریسٹ گارڈز نے لکڑیوں سے لدی ایک گاڑی کو رکنے کی ہدایت دی۔اہلکار کے مطابق آسام فاریسٹ گارڈز کی فائرنگ کے باوجود گاڑی کا ڈرائیور نہیں رکا جس کے نتیجے میں اس کی گاڑی کا ٹائر پنکچر ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ ڈرائیور اور خاصی برادری کے دو دیگر لوگوں کو جنگلات کے اہلکاروں نے پکڑ کر آسام پولس کے حوالے کر دیا۔ بعد میں آسام پولس اہلکار اور جنگلات کے اہلکار ٹرک کو واپس لینے کیلئے گئے۔ صبح 7:00 سے 7:30 بجے کے قریب جب پولس اور جنگلات کے اہلکار وہاں پہنچے تو گاڑی کے اردگرد کافی ہجوم جمع تھا، تب جنگلات اور پولس اہلکاروں نے گاڑی کو چھوڑ کر واپس آنے کا فیصلہ کیا۔ پنار کے قبائلی گاؤں والوں نے جنگلات اور پولس اہلکاروں کو واپس جانے کی اجازت نہیں دی اور پرتشدد ہجوم نے ان پر لاٹھیوں سے حملہ کیا۔ پولس کو دفاع میں گولی چلانا پڑی۔ آسام پولس نے بتایا کہ تین شہری اور ایک فارسٹ گارڈ کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔وزیراعلی کونراڈ سنگما نے اپنی سرکاری رہائش گاہ پر وزیر داخلہ، چیف سکریٹری اور سینئر سرکاری افسران کے ساتھ ہنگامی میٹنگ کی اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔چیف سکریٹری نے کہا کہ وزیر داخلہ ریمبوئی زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے مکروہ گاؤں گئے ہیں۔ وہیں میگھالیہ حکومت نے منگل کے روز ریاست میں مشرقی حصے کے سات اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ خدمات اور تمام ڈیٹا سروسز کو اگلے 48 گھنٹوں تک معطل کرنے کا حکم جاری کیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت نے یہ قدم آج صبح ایک پرتشدد مڈبھیڑ میں پانچ شہریوں اور آسام کے ایک فارسٹ گارڈ کے مارے جانے کے بعد اٹھایا ہے ۔ریاست کے داخلہ سکریٹری سیرل وی ڈی ڈینگدوہ نے کہا کہ موبائل انٹرنیٹ خدمات کو معطل کرنے کا حکم پولس ہیڈ کوارٹر کی رپورٹ کے بعد دیا گیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق مغربی جینتیہ پہاڑیوں کے مکروہا گاؤں میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے سے ریاست کے سات اضلاع میں امن و امان کو درہم برہم ہونے اور عوامی تحفظ کو خطرے میں پڑنے کا خدشہ ہے ۔ان سات اضلاع میں آج صبح 10:30 بجے سے تمام موبائل سروس فراہم کنندگان کی موبائل انٹرنیٹ خدمات اور ڈیٹا سروسز کو اگلے 48 گھنٹوں کیلئے معطل کر دیا گیا ہے ۔ اس فیصلے کے نتیجے میں مغربی جینتیہ ہلز، مشرقی جینتیہ ہلز، مشرقی خاصی ہلز، ری بھوئی، شمال مغربی خاصی ہلز، مشرقی خاصی ہلز اور جنوبی خاصی ہلز اضلاع میں انٹرنیٹ بند رہے گا۔