غازی آباد سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے بدھ کو دعوی کیا کہ پچھڑا، دلت، اقلیت( پی ڈی اے ) لوک سبھا الیکشن میں این ڈی اے کا صفایا کردے گا اور اگلے دو مہینے میں مرکز میں نئی حکومت ہوگی۔کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کے ساتھ ایک جوائنٹ پریس کانفریس میں یادو نے کہا کہ آنے والا الیکشن ملک کے مستقبل کو طے کرے گا۔ غازی آباد سے غازی پور تک این ڈی اے کا صفایا ہوگا۔گذشتہ دس سالوں میں مرکز کی بی جے پی حکومت نے عوام سے جھوٹ بولا۔ کسانوں کی آمدنی دوگنی بلکہ کم ہوگئی۔ نوجوان روزگار کی تلاش میں پھر رہے ہیں۔ مہنگائی شباب پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ ذات پر مبنی مردم شماری کے بغیر دلت پچھڑوں کو انصاف نہیں ملے گا۔ ذات پر مبنی مردشماری ہمارا ایک ایجنڈا ہے ۔ بغیر سماجی انصاف کے ، بغیر برابری ختم کئے ہم اپنے سماج کو آگے نہیں بڑھا سکتے ہیں۔انڈیا اتحاد کی حکومت آنے پر ذات پر مبنی مردم شماری کرائی جائے گی۔ایس پی صدر نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی وداعی میں اترپردیش کی عوام کا کردار اہم رہے گا۔ ملک کی عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور تبدیلی کی ہوا اترپردیش سے چل رہی ہے ۔ یہاں سے غازی پور تک صفایا ہوگا۔14 میں آنے والے 24 میں چلے جائیں گے ۔ اس بار ان کی وداعی بہت شاندار ہونے جارہی ہے ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا’ اگر ہم محتاط رہ کر ووٹنگ کریں گے اور اپنے بوتھ کی چوکیدار کریں گے تو بی جے پی کا صفایا یقینی ہے ۔