کشن گنج،سماج نیوز سروس: این ڈی اے حمایت یافتہ جے ڈی یو امید وار ماسٹر مجاہد عالم کی حمایت میں کشن گنج پارلیمانی حلقہ میں زور و شور سے مہم جاری ہے ۔ علماء طبقہ سےخاص ربط اور قربت رکھنے والے جے ڈی یو کے سینئر لیڈر ایم ایل سی ڈاکٹر خالد انور ان دنوں کشن گنج میں اپنی ٹیم کے ساتھ خیمہ زن ہیں اور شب و روز پارٹی امید وار کے حق میںپورے علاقے میں رابطہ مہم کر رہے ہیں ۔ اس سلسلے میں آج جامعہ محمود المدارس کشن گنج میں ڈاکٹر خالد انور کی قیادت میں علماء اور مسلم دانشوران کے ساتھ ایک اہم میٹنگ ہوئی ۔میٹنگ میں جے ڈی یو امید وار ماسٹر مجاہد عالم کی جیت کو یقینی بنانے کے لائحہ عمل پر غور و خوض کیا گیا اوروزیر اعلیٰ نتیش کمارکے ذریعہ مسلمانوں کےلئے کئے گئے کاموں پر بات چیت کی گئی ۔ڈاکٹر خالد انور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا مطلب انصاف ہے، ترقی ہے اور مساوات ہے ۔ وہ بغیر کسی بھید بھائو کے سبھوں کی ترقی کیلئے کوشاں رہتے ہیں۔ بالخصوص انہوں نے مسلمانوں کے لئے جو ترقیاتی کام کئے ہیں اس کی مثال کسی دوسری ریاست میں نہیں ملتی ۔انہوں نے بہار کو خوف اور فرقہ پرستی سے نجات دلایا ۔جنگل راج میں ڈرے اور سہمے ہوئے لوگوں کو آزادی کے ساتھ جینے کا حوصلہ دیا اور ایک پر امن فضا ہموار کیا ۔ 2005 سے قبل کشن گنج کی کیا صورتحال تھی۔ نہ تو اسپتال کام کر رہے تھے، نہ تو چلنے کا راستہ تھا اور نہ ہی علاقے میں کہیں ترقی کا کوئی نام و نشان تھا ۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بہار کی باگ ڈور اپنے ہاتھ میں لیتے ہی کشن گنج اور سیمانچل کی تقدیر بدلنے کا فیصلہ کیا۔ آج جہاں نظریں دوڑتی ہیں ترقی نظر آتی ہیں ۔ ڈاکٹر خالد انور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بہار کی اقلیتوں کو وہ سارے حقوق دیئے ہیں جس کے وہ حقدار تھے ۔جو لوگ اقلیتوں کا دم بھرنے کا دعویٰ کر تے ہیں، در اصل انہیں صرف ووٹ سے مطلب ہو تا ہے ۔اقلیتوں کی ترقی اور مسلمانوں کے مفاد سے انہیں کوئی مطلب نہیںہے ۔ہمیں ایسے نام نہاد اقلیتوں کا دم بھر نے والی پارٹیوں سےہوشیار رہنا ہو گا اور یہ سمجھنا ہو گا کہ آئین کے مطابق ہمارے لئے کون کام کر رہا ہے ۔ ہمارے تحفظ کیلئے ، ترقی کیلئے ، مساوات کیلئے، ہماری نئی نسل کی بقا کیلئے،بہتر معاشرے کے لئے اور بہتر بہار کیلئے 18 برسو ں سے کس نے کام کیا ؟ ۔ اس موقع پر کئی علما ءنے اپنی باتیں رکھیں اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے کاموں کو سراہتے ہوئے جے ڈی یو کو اپنی حمایت دینے کی یقین دہانی کرائی ۔ اس موقع پر کشن گنج سے جے ڈی یو امید وار ماسٹر مجاہدعالم اور ڈاکٹر خالد انور کا ہار پہنا کر استقبال کیا گیا ۔ میٹنگ کی صدارت مولانا مفتی مسیح الاسلام اور نظامت مولانا اقبال نے کی ۔