نئی دہلی:ملک میں پیداواری سرگرمیوں اور زراعت پر مبنی کاموں میں تیزی کی وجہ سے موجودہ مالی سال کی جولائی-ستمبر سہ ماہی میں بے روزگاری کی شرح 7.2 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ اعداد و شمار اور پروگرام کے نفاذ کی مرکزی وزارت نے جمعرات کو یہاں جاری ‘پیریوڈیکل لیبر فورس سروے جولائی-ستمبر سہ ماہی 2022میں کہا ہے کہ جولائی-ستمبر 2022میں بے روزگاری کی شرح 7.2فیصد رہی ہے ۔ جولائی تا ستمبر 2021کی سہ ماہی میں یہ تعداد 9.8فیصد تھی۔اعداد و شمار کے مطابق مردوں میں بے روزگاری کی شرح 6.6فیصد اور خواتین میں 9.4فیصد ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سہ ماہی اپریل تا جون 2022میں بے روزگاری کی شرح 7.6فیصد تھی۔لیبر فورس سروے میں پورے ملک سے شہری علاقوں میں 15سال سے زیادہ عمر کی لیبر فورس کا احاطہ کیا گیا ہے ۔ جولائی تا ستمبر 2022کے سروے میں 5669شہروں اور قصبوں کے 44358گھرانوں کے 171225افراد کا احاطہ کیا گیا۔