دیوبند، 23؍ مئی ،سماج نیوز سروس:مغربی اترپردیش میں آئندہ26مئی تک شدید گرمی ہونے اور درجہ حرارت میں 2سے 3ڈگری تک اضافہ ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے گرمی کی شدت سے متعلق ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے آئندہ 26مئی تک مغربی اترپردیش میںدرجہ حرات میں اضافہ نوے کے امکانات ظاہر کئے ہیں۔ جاری ریڈ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ دن کے درجۂ حرارت میں 2سے 3ڈگری کا اضافہ ہوسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات سے جاری خبروں میں کہا گیا ہے کہ 24مئی کو مغربی اترپردیش کے کئی مقامات پر سخت لُو چلنے کا خدشہ ہے، جب کہ مشرقی اترپردیش کے علاقوں میں اس دوران گرج چمک کے ساتھ آندھی آنے اور بوچھاریں پڑنے کے امکانات ہیں۔ اس موقع پر 30سے 40کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 25اور 26مئی کو پورے اترپردیش میں رات کے وقت بہت زیادہ گرمی ہوگی اور درجہ حرارت میں بھی شدت رہے گی۔ اس وقت درجہ حرارت 42ڈگری سیلسیس کے پار چلا گیا ہے۔ بعض مقامات پر 40اور 41ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ اسی طرح مغربی اترپردیش کے بعض مقامات پر بارش ہونے کے بھی آثار ہیں۔