اندور، راجستھان میں وزیر اعلی اشوک گہلوت اور سابق نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ کے درمیان جاری تنازعہ پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے آج کہا کہ دونوں لیڈر پارٹی کے ’اثاثے‘ (سرمایہ) ہیں۔مسٹر راہل گاندھی آج اپنی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے دوران اندور سے متصل برولی میں صحافیوں سے بات کر رہے تھے ۔اس دوران انہوں نے راجستھان بحران کے تناظر میں کہا کہ کس نے کس کے بارے میں کیا کہا، وہ اس کی تفصیل میں نہیں جانا چاہتے۔ لیکن انہوں نے کہا کہ راجستھان کے دونوں لیڈر کانگریس کے ’اثاثے‘ ہیں۔مسٹر راہل گاندھی کی زیر قیادت ’بھارت جوڑو یاترا‘ مدھیہ پردیش کے بعد 4 دسمبر کو راجستھان کی سرحد میں داخل ہوگی۔ اس تناظر میں پوچھے گئے سوال پر مسٹر راہل گاندھی نے کہا کہ ان تمام چیزوں کا ان کے دورہ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔کچھ دن پہلے مسٹر گہلوت کے انٹرویو کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ اس میں انہیں مسٹر پائلٹ کے خلاف غیر متوقع الفاظ استعمال کرتے ہوئے سنے جاسکتے ہیں۔ مسٹر گاندھی اس تناظر میں رد عمل کا اظہار کر رہے تھے۔