واشنگٹن (ہ س)۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ واشنگٹن اب بھی اسرائیل کے لیے بموں کی ایک بڑی کھیپ کا جائزہ لے رہا ہے کیونکہ اسے خدشہ ہے انہیں گنجان آباد علاقوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔یہ بات بلنکن کی جانب سے ایک پریس کانفرنس کے دوران اسلحے کی ترسیل کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں سامنے آئی۔اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا تھا کہ بلنکن نے انہیں گزشتہ ہفتے یقین دہانی کرائی تھی کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ اسلحے کی ترسیل پر عائد پابندیوں کو ہٹانے کے لیے کام کر رہی ہے۔نیتن یاہو نے کہا کہ بلنکن نے انہیں یقین دلایا ہے کہ صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی ترسیل پر پابندیاں ہٹانے کے لیے کام کر رہی ہے۔نیتن یاہو نے ایک بیان میں مزید کہا کہ گذشتہ ہفتے بلنکن کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران انہوں نے سات اکتوبر سے حماس کے خلاف جنگ کے آغاز کے بعد سے امریکہ کی طرف سے اسرائیل کو فراہم کی جانے والی حمایت کی تعریف کی۔لیکن انہوں نے کہا کہ "(امریکی) انتظامیہ کے لیے گذشتہ چند مہینوں کے دوران اسرائیل سے ہتھیار اور گولہ بارود روکنا غیر معقول ہے۔نیتن یاہو نے کہا کہ بلنکن نے انہیں یقین دلایا کہ امریکی انتظامیہ اس طرح کی پابندیوں کو ختم کرنے کے لیے "دن رات” کام کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ "میں یقینی طور پر امید کرتا ہوں کہ ایسا ہی ہے۔ ایسا ہی ہونا چاہیے۔ ہمیں (ضروری) ہتھیار دیں اور ہم یہ کام بہت تیزی سے انجام دیں گے۔پچھلے مہینے بائیڈن نے اسرائیل کو خبردار کیا تھا کہ اگر اسرائیلی افواج نے جنوبی غزہ کی پٹی میں پناہ گزینوں سے بھرے شہر رفح پر بڑا حملہ کیا تو امریکہ اسے ہتھیاروں کی فراہمی بند کر دے گا۔ بائیڈن کے انتباہ کے چند دن بعد اسرائیلی افواج نے رفح میں حملہ کردیا اور کہا کہ حماس کے عسکریت پسند وہاں چھپے ہوئے ہیں۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ حماس کو ختم کرنے اور قیدیوں کی واپسی کے لیے جنگ جاری رکھے گا۔واشنگٹن پوسٹ نیسوموار کو رپورٹ کیا کہ امریکی کانگریس کے دو سینئر ڈیموکریٹک ارکان نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی ایک بڑی فروخت کی حمایت کرنے پر اتفاق کیا ہے جس میں 18 ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کے 50 F-15 لڑاکا طیارے شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ رکن کانگریس گریگوری میکس اور سینیٹر بین کارڈن نے کئی مہینوں تک فروخت کے عمل کو روکنے کے بعد بائیڈن انتظامیہ کے شدید دباؤ میں اس معاہدے پر دستخط کیے۔












