سید پرویز قیصر
چنئی میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے واحد ٹسٹ میچ میں ہندوستان کی خواتین نے دس وکٹ سے جیت اپنے نام کی۔ ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگ 115.1 اوور میں چھ وکٹ پر603 رن بناکر ڈکلیر کردی تھی۔ جنوبی افریقہ کی خواتین پہلی اننگ میں84.3 اوور میں266 رن بناکر آوٹ ہوئیں جسکی وجہ سے انہیں فالوآن پر مجبور ہونا پڑا۔ فالوآن کے بعد اس نے154.4 اوور میں 373 رن بنائے اور36 رن کی سبقت حاصل کرلی۔ہندوستان نے کسی نقصان کے بغیر9.2 اوور میں37 رن بناکر جیت اپنے نام کی تھی۔خواتین ٹسٹ کرکٹ میں یہ پہلا موقع تھا جب کوئی ٹیم دونوں اننگوں میں250 رن بنانے کے باوجود ٹسٹ نہیں بچاسکی۔
اس ٹسٹ میچ میں26 وکٹوں کے نقصان پر1279 رن بنے جو خواتین ٹسٹ کرکٹ میں ایک ٹسٹ میں دوسرے سب سے زیادہ رن تھے۔ سب سے زیادہ رن انگلینڈ اور آسڑیلیا کے مابین ناٹنگھم میں2023 میں ہوئے میچ میں بنے ہیں۔ اس ٹسٹ میں40 وکٹوں کے نقصان پر 1371 رن بنے تھے۔
ہندوستان کی خواتین کو جیت دلانے میں ایک اہم کردار سنہ رانا کا بھی رہا۔ اس آف بریک بالر نے اس ٹسٹ میں 65.3 اوور میں188 رن دیکر دس کھلاڑیوں کو آوٹ کیا اور ایک ٹسٹ میں دس وکٹ حاصل کرنے والی جھولن گوسوامی کے بعد دوسری خاتون بالر بنی۔ تیز بالنگ کرانے والی جھولن گوسوامی نے انگلینڈ کے خلاف ٹاونٹن میں اگست2006 میں49.2 اوور میں78 رن دیکر دس کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ اس ٹسٹ میں ہندوستان نے پانچ وکٹ سے جیت حاصل کی تھی۔
سنہ رانا نے جنوبی افریقہ کی پہلی اننگ میں25.3 اوور میں77 رن دیکر آٹھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا اور وہ ایک اننگ میں آٹھ وکٹ حاصل کرنے والی ہندوستان کی دوسری اور کل ملاکر تیسری بالر بنی۔ ٹسٹ کرکٹ میں ایک اننگ میں سب سے اچھی بالنگ کا ریکارڈ ہندوستان کی نیتو ڈیوڈ کے پاس ہے۔ بائیں ہاتھ کی اس اسپین بالر نے انگلینڈ کے خلاف جمشید پور میں نومبر 1995 میں31.3 اوور میں53 رن دیکر آٹھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔اس ٹسٹ میں انگلینڈ نے دو رن سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔
آسڑیلیا کی اشلیگ گارڈنر کو خواتین کے ٹسٹ کرکٹ میں دوسری سب سے اچھی بالنگ کرانے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس آف بریک بالر نے انگلینڈ کے ناٹنگھم میں جون2023 میں ہوئے ٹسٹ میچ میں20 اوور میں66 رن دیکر آٹھ کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا تھا۔انکی اس شاندار بالنگ کارکردگی کی وجہ سے آسڑیلیا نے انگلینڈ کو 89 رن سے شکست دی تھی۔
سنہ رانا کی اس ٹسٹ سے پہلے ایک اننگ میں سب سے اچھی بالنگ کارکردگی22 اوور میں63 رن دیکر چار وکٹ تھی جو انہوں نے آسڑیلیا کے خلاف ممبئی میں دسمبر 2023 میں انجام دی تھی۔ اس ٹسٹ میں ہندوستان کو آٹھ وکٹ سے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔اس ٹسٹ میں انہوں نے44.4 اوور میں119 رن دیکر سات کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا جو ایک ٹسٹ میچ میں انکی سب سے اچھی بالنگ کارکردگی تھی۔
ابھی تک سنہ رانا نے جو چار ٹسٹ کھیلے ہیں اس میں انہوں نے 20.95 کی اوسط کے ساتھ23 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔ان چار ٹسٹ میچوں میں سے تین میں ہندوستان کی خواتین نے جیت اپنے نام کی ہے۔