منیلا ( ایجنسی)اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان تنازعہ میں اضافے کے خدشات کی بنا پر فلپائن نے لبنان میں مقیم اپنے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ "فوراً” ملک چھوڑ دیں۔
تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 11,000 فلپائنی لبنان میں رہتے اور کام کرتے ہیں۔ منیلا نے شرقِ اوسط کے ملک کو الرٹ لیول کے تحت رکھا ہے یعنی فلپائنی شہریوں کو وہاں سے نکل جانے کی تاکید کی گئی ہے۔جمعہ کو جاری کردہ ایک ہدایتی نوٹ میں بیروت میں فلپائنی سفارت خانہ "تمام فلپائنی شہریوں سے درخواست کرتا ہے کہ وہ فوری طور پر لبنان سے نکل جائیں جب تک ایئرپورٹ فعال رہے۔” مزید کہا گیا کہ فلپائنی شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنی حفاظت کو ترجیح دیں اور ملک "جلد از جلد چھوڑ دیں۔”
گذشتہ اکتوبر کے آخر سے اسرائیل-لبنان کی سرحد پر لڑائی میں اضافے کے بعد منیلا میں رضاکارانہ وطن واپسی کا پروگرام جاری ہے۔
خارجہ امور کے ماتحت سکریٹری ایڈورڈو ڈی ویگا نے کہا کہ تازہ ترین ہدایت کا مقصد "کسی کو پریشان اور فکرمند کرنا نہیں تھا۔”
انہوں نے کہا: "ہم اس حقیقت کو نمایاں کر رہے ہیں کہ قیام کرنے والوں کی حفاظت کی ضمانت نہیں ہے۔”امریکہ، برطانیہ اور فرانس سمیت کئی ممالک نے اس ماہ کے اوائل سے اپنے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ لبنان چھوڑ دیں کیونکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی سے شرقِ اوسط میں تنازعات کے وسعت اختیار کرنے کا خدشہ ہے۔
لبنان میں فلپائن کے سفیر ریمنڈ بالاتبت نے کہا کہ اب تک 350 سے زائد فلپائنی شہریوں کو وطن واپس لایا جا چکا ہے اور مزید 40 فلپائنی کارکنان منتظر ہیں کہ لبنانی امیگریشن حکام ان کی وطن واپسی کی درخواست قبول کر لیں۔انہوں نے کہا، "حالات کشیدہ ہیں۔ یہاں غیر یقینی صورتِ حال ہے جبکہ مقامی اور غیر ملکی مستقبل کے واقعات کے سامنے آنے کا برابر انتظار کر رہے ہیں۔”