دیوبند (سماج نیوز سروس)سابق صدر ڈاکٹر سرو پلی رادھا کرشنن کا یوم پیدائش جمعرات کو اسکولوں میں یوم اساتذہ کے طور پر منایا گیا۔ طلباء نے خوبصورت ثقافتی پروگرام پیش کئے اور بچوں نے اپنے اساتذہ کو تحائف دیئے۔ایس وی ایم ماڈل پبلک سکول بچٹی میں منعقدہ پروگرام میں مہمان خصوصی عالمی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی نے استاذکے کردار کو زندگی میں سب سے بڑا قرار دیتے ہوئے بچوں کو اپنے اساتذہ اور والدین کا احترام کرنے کی نصیحت کی۔ سابق ایم پی راگھو لکھن پال شرما نے استاذ کو سماج کا آئینہ قرار دیا۔ اس دوران مہمانوں نے سابق ایم ایل اے مرحوم نربھے بال شرما کے نام سے مفت کمپیوٹر لیب کا افتتاح کیا۔ اسکول کے منیجر پرشانت تیاگی نے سبھی کا شکریہ ادا کیا۔ دون ویلی اسکول میں طالب علموں نے ثقافتی پروگرام پیش کئے۔ طلباء نے مختلف تفریحی کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ چیئرمین راج کشور گپتا اور پرنسپل سیما شرما وغیرہ موجود رہے۔ کے ایل جنتا انٹر کالج میں انتظامی کمیٹی نے اساتذہ کو مبارکباد دی۔ منیجر دیپ کراج سنگھل نے کہا کہ استاذ ایک چراغ کی مانند ہوتا ہے، جو خود کو روشن کرکے تعلیم کی روشنی پھیلانے کا کام کرتا ہے۔ سروودیا گیان اسکول میں اساتذہ نے ڈاکٹر رادھا کرشنن کے دکھائے ہوئے راستے پر چلنے کا حلف لیا۔ سرپرست ہری سنگھ سینی اور پرنسپل روپیش سینی موجود تھے۔ بینسن ا سکول میںیوم اساتذہ جوش و خروش کے ساتھ منایاگیا۔اس دوران بچوں نے تقاریر اور نظمیں پیش کر کے سب کو محظوظ کیا۔ منیجر ندیم چودھری، ڈاکٹر شائستہ حسن اور پرنسپل شری کانت چودھری نے طلباء کو آگے بڑھنے اور محنت و لگن سے تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی۔وہیں عیدگاہ روڈ پرواقع پبلک گرلز انٹر کالج میں بھی یوم اساتذہ جوش و خروش سے منایاگیا۔اس دوران منعقد پروگرام میں پرنسپل صبا حسیب صدیقی نے تمام بچیوں کو قیمتی نصیحتوں سے نوازا۔