دیوبند (سماج نیوز سروس) تحفظ دین ختمِ نبوت میڈیا کے تحت ملک بھر میں جاری تحفظ ختمِ نبوت کوئز کے سلسلے میں مظفرنگر ضلع صدر مولانا سہیل اختر رحیمی کی نگرانی میں آج مکتب مسجد انس قدوائی نگر مظفرنگر میں ختمِ نبوت کوئز کی امتحانی نشست منعقد ہوئی۔ جس میں ایک مختصر تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔اس دوران طلباء و طالبات نے دلجمعی کے ساتھ ختمِ نبوت کا پرچہ حل کیا۔ بعد ازاں طلباء و طالبات کو مزید تفصیل کے ساتھ مذہب اسلام کے بنیادی عقائد کے ساتھ عقیدہ ختمِ نبوت کا مطلب اور اس کی اہمیت بتائی گئی۔اس موقع پر ختمِ نبوت میڈیا وفد کے ذمہ دار مولانا سہیل اختر رحیمی نے طلباء و طالبات کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایمان مسلمانوں کی روح اور طاقت اس روح کے بغیر مسلمانوں کی زندگی کا تصور ممکن نہیں لہٰذا ہمیں چاہئے کہ اس روح کی حفاظت کریں اور اپنے عقائد کوصحیح رکھنے کی ہرممکن کوشش کریں۔ وفد کے رکن مولانا مشرف قاسمی نے طلباء کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دور غفلت کا دور نہیں ہے بلکہ ہمہ وقت بیدار رہنے اور مستقل اپنے اور اپنے بھائیوں کے ایمان کی فکرمندی کو لازمی بنائیں۔ مولانا موصوف نے مزید روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہماری تحفظ دین ختمِ نبوت کی ٹیم اس حوالے سے الحمد للہ مستقل اپنی خدمات پیش کررہی ہے جس کے لئے وہ لائق تحسین اور قابلِ مبارکباد ہیں ۔ مکتب کے ذمہ دار مولانا قاری محمد افتخار نے سبھی مہمانوں کا شکریہ اداکیا۔اس موقع پر مولانا محمد فیصل میرٹھی، قاری محمد افتخار، قاری رشید احمد، قاری شوکت، حاجی ظہیر ،حافظ رضوان، آصف پینٹر ،قاری سلیمان ،ذولفقار انصاری اور قاری ابوقتادہ موجود رہے۔