دیوبند (سماج نیوز سروس) سہکاری گنا وکاس سمیتی کے ڈیلیگیٹ کا الیکشن پرامن طریقہ سے مکمل ہوگیا۔ اس الیکشن میں 20ہزار 250ووٹرس میں سے 76فیصد ووٹرس نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ ووٹنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع کی گئی۔د یر شام منتخب قرار دیئے گئے امیدواروں کا زبردست استقبال کیا گیا۔ تفصیل کے مطابق نور پور میں واقع لالہ پورن چند ساہنی میموریل انٹر کالج میں صبح 8بجے ووٹنگ کا عمل شروع ہوا۔ 48گائوں میں 95ڈیلیگیٹ عہدوں کے لئے 189امیدوار میدان میں تھے ، ووٹنگ کے لئے 50بوتھ بنائے گئے، جہاں شام 4بجے ووٹنگ کا عمل جاری رہا۔ دیوبند سمیتی سے منسلک گائو ں کے 20ہزار 250ووٹرس میں 15ہزار 492ووٹرس نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔ اس درمیان انتظامیہ پوری طرح مستعد رہی۔ الیکشن آفیسر ایس ڈی ایم انکور ورما وقفہ وقفہ سے بوتھوں کا معائنہ کرتے رہے۔