بنگلورو (یو این آئی) ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کی کپتان سلیمہ ٹیٹے نے منگل کو کہا کہ دسمبر میں مردوں کی ہاکی انڈیا لیگ (ایچ آئی ایل) میں خواتین کی لیگ کی شمولیت ہندوستانی کھیلوں میں صنفی مساوات کے تئیں بڑھتی ہوئی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ سلیمہ نے کہاکہ "میں ایچ آئی ایل کے لیے بہت پرجوش ہوں، یہ سات سال بعد دوبارہ شروع ہو رہی ہے اور اس بار ویمن لیگ کے ساتھ،” آٹھ مردوں کی ٹیمیں اور چھ خواتین کی ٹیمیں ایچ آئی ایل 2024-25 میں حصہ لیں گی جو ملک میں پہلی اسٹینڈ اسٹون ویمن لیگ کے طور پر ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرے گی۔ یہ مردوں کے مقابلے کے ساتھ ساتھ ہوگا۔ لیگ کا آغاز 28 دسمبر سے ہوگا۔ لیگ کے میچ جھارکھنڈ کے رانچی کے مارنگ گومکے جے پال سنگھ آسٹروٹرف ہاکی اسٹیڈیم اور رورکیلا، اڈیشہ کے برسا منڈا ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ خواتین کی لیگ کا اختتام 26 جنوری 2025 کو رانچی میں ہوگا، جبکہ مردوں کی ٹیم کا فائنل یکم فروری 2025 کو رورکیلا میں کھیلا جائے گا۔ ایچ آئی ایل کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی 13 سے 15 اکتوبر تک نئی دہلی میں ہوگی۔