دوبئی سے سید پرویز قیصر
پہلے دو میچوں میں سے ایک میں کامیابی اور ایک میں شکست کے بعد ہندوستانی خواتین ٹیم خواتین کے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں اپنا تیسرا میچ دوبئی انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں بدھ ( 9اکتوبر) کو کھیلے گی۔ سری لنکا نے اس عالمی کپ میں ابھی تک جو دو میچ کھیلے ہیں اس میں ایک میں اس نے جیت حاصل کی ہے اور ایک میچ اسے شکست ہوئی ہے۔
ابھی تک دونوں کے درمیان جو25 ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں اس میں ہندوستان کی خواتین نے19 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ سری لنکا کی خواتین نے پانچ میچ جیتے ہیں جبکہ ایک میچ نامکمل رہا ہے۔ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں دونوں کے درمیان ابھی تک جو پانچ میچ کھیلے گئے ہیں اس میں ہندوستان کی خواتین نے چار میںجیت اپنے نام کی ہے جبکہ سری لنکا کی خواتین نے ایک میچ جیتا ہے۔ دونوں کے درمیان کو آخری پانچ ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ ہوئے ہیں اس میںتین میچوں میں ہندوستان کی خواتین اور دو میچوں میں سری لنکا کی خواتین فاتح رہی ہیں۔سری لنکا کی خواتین نے دمبولا میں28 جولائی2024 کو ہندوستان کی خواتین کوآٹھ وکٹ سے شکست دیکر پہلی مرتبہ ایشیا کپ جیتا تھا۔ یہ ان دونوں کے مابین کھیلا گیا آخری ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ بھی تھا۔ ہندوستان کی خواتین نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں چھ وکٹ پر 165 رن بنائے تھے۔ سری لنکا کی خواتین نے18.4 اوور میں دو وکٹ پر167 رن بناکر میچ جیتا تھا اور پہلی مرتبہ خواتین کا ایشیا کپ جیتا تھا۔
ہندوستان کی خواتین کا سری لنکا کی خواتین کے خلاف سب سے زیادہ اسکور20 اوور میں آٹھ وکٹ پر168 رن ہے جو اس نے کتو نائیکے میں19 ستمبر2018 کو بنایا تھا۔ سری لنکا کی خواتین نے دمبولامیں28 جولائی2024 کو ہوئے میچ میں18.4 اوور میں دو وکٹ پر 167 رن بنائے تھے جو اس کا ہندوستانی خواتین کے خلاف سب سے زیادہ اسکور ہے۔
سری لنکا کی خواتین کے خلاف ہندوستان کی خواتین کا سب سے کم اسکور20 اوور میںنو وکٹ پر 106 رن ہے جو اس نے سلہٹ میں24 مارچ 2014کو بنایا تھا۔ ہندوستان کی خواتین کے خلاف سری لنکا کی خواتین کا سب سے کم اسکور20 اوور میں نو وکٹ پر69 رن ہے جو اس نے بنکاک میں میںیکم دسمبر2016 کو بنایا تھا۔جمیما رودریکس نے سلہٹ میں ایشیا کپ کے لیگ میچ میں یکم اکتوبر2022 کو73 منٹ میں53 بالوں پرگیارہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے76 رن بنائے تھے جو ہندوستان کی خواتین کی جانب سے سری لنکا کی خواتین کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔سری لنکا کی خواتین کی جانب سے ہندوستان کی خواتین کے خلاف سب سے بڑا اسکور کرنے کا اعزاز چماری اتھا پتھو کے پاس ہے جنہوں نے دمبولا میں27 جون2022 کو ہوئے میچ میں69 منٹ میں48 بالوں پر14 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر 80 رن بنائے تھے۔ہندوستان کی خواتین کی جانب سے سری لنکا کی خواتین کے خلاف سب سے اچھی بالنگ کا ریکارڈ دیانا ڈیوڈ کے پاس ہے جنہوں نے 10 مئی2010 کو بیسیٹیری میں ہوئے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ کے میچ میں چار اوور میں 12 رن دیکر چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔سری لنکا کی خواتین کی جانب سے ہندوستان کی خواتین کے خلاف سب سے اچھی بالنگ کا اعزاز انوکا رنا ویرا کے پاس ہے جنہوں نے رانچی میں24 فروری 2016 کو چار اوور میں دس رن دیکر تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔