دیوبند (سماج نیوز سروس) گستاخِ رسولؐ یتی نرسمہا نند کی اب تک گرفتاری نہ ہونے کے سبب ملک کے مسلمانوں میں شدیدغم وغصہ پایاجارہاہے ،آج جمعیۃ علماء تحصیل بہٹ کے ایک وفد نے نوجوان عالم دین مفتی مدثر مظاہری کی قیادت میں ایس ڈی ایم بہٹ کے توسط سے صدر جمہوریہ ہند کو میمورنڈم بھیج کر گستاخِ رسول ؐکو فوری طورپر گرفتار کرکے اس کے خلاف این ایس اے کے تحت کارروائی کرنے کامطالبہ کیا۔ میمورنڈم میںکہاگیا ہے کہ یتی نرسمہا نند جیسے لوگوں کے ذریعہ مسلسل مسلمانوں اور پیغمبر اسلام حضرت محمدﷺ کے سلسلہ میں بیہودہ، غلیظ اور نفرت انگیز گفتگو کرکے ملک کی امن وشانتی اور بھائی چارہ پارہ پارہ کرنے کوشش کی جارہی ہے ،لیکن ابھی تک ایسے گستاخ کی گرفتاری نہ ہونا بہت افسوس کی بات ہے اور قانونی نظم و نسق پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ میمورنڈم میںمطالبہ کیاگیاہے کہ نرسمہا نند کو فوری طورپر گرفتار کرکے این ایس اے کے تحت سخت کارروائی کی جائے اور ایسے قوانین نافد کئے جائیں تاکہ کوئی بھی کسی مذہبی پیشواؤں کی شان میں گستاخی کی جرأت نہ کرسکے۔ میمورنڈم میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس قسم کی ویڈیو ز کو ڈیلیٹ کرانے کی مانگ بھی کی گئی۔میمورنڈم میں کہاگیاہے ملک کی امن وسلامتی اور اتحاد کو مضبوط بنائے رکھنے کے لئے گستاخِ رسول کی گرفتاری اور اسکے خلاف سخت کارروائی بہت ضروری ہے۔ میمورنڈم دینے والوں میں جمعیۃ علماء ضلع سہارنپور کے مفتی مدثر مظاہری ناظم مدرسہ بستان العلوم عماد پور،قاری محمد فیضان سرور ناظم مدرسہ فیض العلوم مرزاپور پول،نور گروپ کے چیئرمین عثمان وارد،مولانا نادر،مولانا شمشاد ،قاری مکرم، مفتی صادق قاسمی، قایر محمد قاصد، مولانا علی شان، مولانا منتظر، قاری محمد شعبان، قاری جاوید، چودھری محمد ذیشان، چودھری محمد علی شان، قاری محمد فاضل، قاری ذاکر و دیگر کارکنان موجودرہے۔