لاہور (یو این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز میں بلے باز بابر اعظم کو ٹیم سے باہر کیے جانے کے بعد فخر زماں کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔ فخر زماں نے بابر اعظم کو دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میچ سے ڈراپ کئے جانے کی خبر پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تبصرہ کیا تھا۔ جبکہ اس وقت تک پی سی بی نے آخری دو ٹیسٹ میچوں کے لیے ٹیم کا اعلان تک نہیں کیا تھا۔ فخر نے اس فیصلے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے اب تک کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک بابر اعظم کو باہر کرنے سے غلط پیغام جائے گا۔ فخر نے بورڈ سے کھلاڑیوں کو مایوس کرنے کے بجائے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔پی سی بی نے فخر زماں کی اس پوسٹ پر شدید اعتراض کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔ بورڈ نے کہا ہے کہ سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی ہونے کے ناطے فخر کو بورڈ کے خلاف کھلے عام اس طرح کے تبصرے نہیں کرنا چاہیے تھے۔ فخر نے ابھی تک نوٹس کا جواب نہیں دیا۔ ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی پر سزا کا انحصار فخر کے جواب پر ہوگا۔ پی سی بی نے پچھلے دو سال سے ٹیسٹ میچوں میں خراب فارم کا شکار بابر کو ٹیم سے باہر کرنے کی وجہ آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقہ میں ہونے والی محدود اووروں کی سیریز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ بابر کو آرام دیا گیا ہے۔