بلند شہر؍سماج نیوز سروس: ریا ستی خواتین کمیشن اتر پردیش کی رکن ڈاکٹر ہمانی اگروال نے پی ڈبلیوڈی گیسٹ ہائو س میں خواتین کی بہبود سے متعلق افسران کے سا تھ ایک جائزہ میٹنگ کی ۔میٹنگ میں ڈاکٹر ہمانی اگروال نے خواتین کی بہبود سے متعلق مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی طرف سے چلائی جانے والی عوامی و فلاحی اسکیموں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ میٹنگ کے دوران انہوں نے غذائی قلت کے شکار بچوں کی دیکھ بھال اور امدادی رقم ،بچوں کی با قاعدہ ویکسینیشن مکمل کرنے، آنگن واڑی مراکز میں بچوں کی صحیح طر یقے سے دیکھ بھال ،انھیں تعلیم دینے اور خواتین میں بیداری کے لیے کیمپ لگانے ، تمام گاؤں میں خواتین کی کمیٹی کاانتخاب اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کام کرنے کی ہدایات دیں۔اسی طر ح ضلع میں خواتین سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کے لیے خواتین کا ہیلپ گروپ بناکر متعلقہ محکمہ کے ساتھ رابطہ قا ئم کرکے معیار کے مطا بق بروقت نمٹانے کی ہدایات بھی دیں۔ اس کے بعد ڈاکٹر ہمانی اگروال نے وہاں موجود خواتین کے مسائل سنے، عوامی سماعت میں 10 خواتین کی جانب سے شکایات پیش کی گئیں، انہوں نے درخواستوں کو متعلقہ محکموں کو منتقل کرنے اور انہیں بروقت نمٹانے کی ہدایات دی گئیں۔اس کے بعد ڈاکٹر ہمانی نے ضلع خواتین اسپتال اور ضلع جیل کا بھی معا ئنہ کیا ۔جیل میں خواتین قیدیوں سے ملاقات کرکے فراہم کی جانے والی سہو لیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ اس مو قع پر انہوں نے خواتین قیدیوں کے بچوں کو گفٹ وغیرہ بھی تقسیم کئے ۔اس موقع پر سٹی مجسٹریٹ چندر پرکاش پریہ درشی، ضلع ترقیاتی افسر سبھاش نیما اور ڈسٹرکٹ پروبیشن آفیسر جے پرکاش یادو سمیت کئی متعلقہ افسران موجود تھے۔