نئی دہلی،19دسمبر،سماج نیوز سروس:دہلی کے ماحولیات اور ترقی کے وزیر گوپال رائے نے بابر پور میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا۔ گوپال رائے نے شمالی گھونڈہ کے یمنا وہار، نور الٰہی، سبھاش محلہ، موہن پوری اور کالی روڈ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر گوپال رائے نے کہا کہ جب سے ہماری حکومت بنی ہے بابر پور میں900 سے زائد سڑکیں تعمیر ہو چکی ہیں۔ باقی سڑک کی تعمیر کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نور الٰہی روڈ پر واقع ٹرانسفارمر کو جلد ہی منتقل کر دیا جائے گا اور عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے یمنا وہار بس ڈپو سے نظام الدین تک بس سروس شروع کی گئی ہے۔گوپال رائے نے کہا کہ ہماری حکومت کے قیام کے بعد اروند کیجریوال کی رہنمائی میں یہاں ہمہ جہت ترقی ہوئی ہے۔ ہماری حکومت نے دہلی میں 24 گھنٹے بجلی کی ضمانت دی ہے۔ دہلی واحد ریاست ہے جہاں بجلی 24 گھنٹے دستیاب ہے اور تقریباً 22 لاکھ لوگوں کے پاس بجلی کا بل صفر ہے۔ لوگوں کو مفت پانی مل رہا ہے۔سرکاری اسپتالوں میں صحت کی بہتر سہولیات میسر ہیں۔ بچے اچھی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن جیتنے کے بعد خواتین کو 1000 روپے کی بجائے 2100 روپے دیئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ دہلی میں 60 سال سے زیادہ عمر کے بزرگوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔ گوپال رائے نے کہا کہ ٹریفک کو کم کرنے کے لیے نور الٰہی روڈ کے کونے پر واقع ٹرانسفارمر کو جلد ہی منتقل کر دیا جائے گا۔ اس کے لیے بی ایس ای ایس کو ہدایات دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ اس کے لیے رقم بھی دی گئی ہے۔ یہاں پانی کا مسئلہ بھی جلد حل ہو جائے گا۔
یہاں نور الٰہی کے قریب کچرے کا ڈھیر تھا۔اسے ہٹانے کے بعد اسی جگہ پر محلہ کلینک کھول دیا گیا ہے اور کچرے کو ٹھکانے لگانے کے لیے یہاں کمپیکٹر لگایا گیا ہے تاکہ آس پاس کے کچرے کو ٹھکانے لگایا جا سکے۔گوپال رائے نے کہا کہ یمنویہار بس ڈپو سے نظام الدین تک بس سروس شروع کی گئی ہے۔ ڈپو آہستہ آہستہ بند ہوتا جا رہا تھا، ہم نے لڑ کر اس ڈپو کو شروع کرایا۔ اب اس ڈپو سے نظام الدین تک بس سروس شروع ہو گئی ہے، لوگ صبح سے شام تک یہاں سے نظام الدین تک بس سروس کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔