اشفاق گلزار
سرینگر ،سماج نیوز سروس:ابر آلود موسمی صورتحال کے چلتے 11سے 12جنوری تک میدانی علاقوں میں ہلکی اور بالائی علاقوں میں درمیانی درجے کی برفباری کے ساتھ ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کے بیچ جموں اور کشمیر کے بیشتر علاقوں میں گہری دھند کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں کچھ حد تک بہتری دیکھی گئی ۔ادھر گہری دھند کی وجہ سے معمول کی زندگی متاثر رہی جبکہ کم روشنی کے باعث صبح کے اوقات سفر کرنے میں دشواریاں پیش آئی ۔ تفصیلات کے مطابق وادی کشمیر میں مسلسل آسمان ابر آلود رہنے کے نتیجے میں دن میں ٹھنڈ کافی بڑھ گئی ہے اور سرد اور یخ بستہ ہوائوں کے باعث دن میں شدید ٹھنڈ جاری ہے ۔ ادھر سنیچروار کی اعلیٰ صبح جموں کے ساتھ ساتھ وادی کے کئی علاقوں میں گہری دھند کے باعث معمول کی زندگی میں خلل ہوئی جبکہ صبح کے اوقات کافی دیر تک کم روشنی چھا جانے کے نتیجے میں لوگوں کو مشکلات درپیش آئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر، قاضی گنڈ اور جموں میں دھند کی وجہ سے معمول کی زندگی میں خلل ہوا ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جموں کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارش اور جموں کشمیر کے الگ تھلگ اونچے علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 12جنوری کے بعد دوپہر سے سے 14 جنوری تک عام طور پر خشک رہے گا جبکہ 15 اور 16 جنوری کو لچھ ایک اونچائی پر ہلکی برفباری کے امکان کے ساتھ عام طور پر ابر آلود موسم متوقع ہے۔شبانہ درجہ حرارت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 1.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ زوجیلا پاس، وادی کشمیر کو لداخ سے جوڑتا ہے، ہڈیوں کو ٹھنڈا کرنے والا کم درجہ حرارت منفی 32ریکارڈ کیا گیا ۔اسی طرح سے انہوں نے کہا کہ گلمرگ میں رات کا درجہ حرارت منفی 6.5ڈگری سینٹی جبکہ پہلگام میں منفی 7.6ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بڈگام میں منفی 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ، بارہمولہ میں منفی 2.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور پلوامہ میں منفی 5.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جنوبی کشمیر کے شوپیاں اور کولگام بھی سرد ترین مقامات میں شامل تھے، جہاں بالترتیب منفی 8اور منفی 6.6ڈگری سیلشس درج ہوا ۔ جموں صوبے میں، نسبتاً زیادہ کم سے کم درجہ حرارت دیکھا گیا، لیکن سردی اب بھی واضح تھی۔ جموں میں درجہ حرارت 7.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو کہ سال کے اس وقت کے لیے معمول ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق تازہ مغربی ہوائیں جموں کشمیر میں اثر اندوز ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں 11اور 12جنوری کو میدانی علاقوں میں ہلکی اور بالائی علاقوں میں درمیانی درجے کی برفباری کے ساتھ ساتھ بارشوں ہونے کا امکان ہے تاہم اس کے بعد 18جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا ۔