سیدپرویز قیصر
وراٹ کوہلی ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے 14000 رن مکمل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ پاکستان کے خلاف دوبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چمپیئنز ٹرافی میچ میں انہوں نے151 منٹ میں111 بالوں پر سات چوکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر پورے سو رن کی اننگ کے دوران یہ سنگ میل عبور کیا۔ انہوں نے 299 ویں میچ کی287 اننگوں کے دوران ایسا کرکے سب سے کم اننگوں میں14000 رن بنانے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ ان سے پہلے سب سے کم اننگوں میں 14000 رن بنانے کا اعزاز ہندوستان کے سچن ٹنڈولکر کے پاس تھاجنہوں نے359 ویں ایک روزہ بین الاقوامی میچ کی350 ویں اننگ کے دوران ایسا کیا تھا۔ سری لنکا کے کمار سنگا کارا نے ایسا402 ویں ایک روزہ بین الاقوامی میچ کی378 ویں اننگ میں اپنے 14000 رن مکمل کئے تھے۔
پاکستان کے خلاف میچ کے اختتام تک وراٹ کوہلی نے جو299 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی287 اننگوں میں58.20 کی اوسط اور93.41 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 51 سنچریوں اور73 نصف سنچریوں کی مدد سے14085 رن بنائے تھے۔ وہ سولہ مرتبہ اپنا کھاتہ نہیں ھول پائے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور183 رن ہے جو انہوں نے پاکستان کے خلاف میرپور ،ڈھاکہ میں18 مارچ 2012 کو ہوئے میچ میں211 منٹ میں148 بالوں پر22 چوکوں اور ایک چھکے کی مددسے بنایا تھا۔اس میچ میںہندوستان نے چھ وکٹ سے جیت اپنے نام کی تھی۔
وراٹ کوہلی نے 14000 رن بنانے میں16 سال اور189 دن کا وقت لیا ہے۔سری لنکا کے خلاف دمبولا میں18 اگست2008 کو انہوں نے اپنا پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلا تھا۔
ہندوستان کے سچن ٹنٖڈولکر جنہیں ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس قسم کے کرکٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز بھی ہیں۔ انہوں نے1989 اور2012 کے درمیان جو463 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے انکی452 اننگوں میں44.83 کی اوسط اور86.23 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ49 سنچریوں اور96 نصف سنچریوں کی مددسے18426 رن بنائے تھے۔ وہ20 مرتبہ اپنا کھاتہ نہیں کھول پائے تھے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر200 رن ہے جو انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف گوالیا ر میں 24 فروری2010 کو226 منٹ میں147 بالوں پر25 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ اس میچ میں ہندوستان کو153 رن سے کامیابی ملی تھی اور یہ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں پہلی ڈبل سنچری بھی تھی۔
سری لنکا کے کمار سنگا کارا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں دوسرے 14000 رن بنانے والے کھلاڑی تھے۔انہوں نے2000 اور2015 کے درمیان جو404 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے انکی380 اننگوں میں41.98 کی اوسط اور78.86 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ25 سنچریوں اور93 نصف سنچریوں کی مدد سے14234 رن بنائے تھے۔وہ15 مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے تھے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور169 رن ہے جو انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف کولمبو میں20 جولائی2013 کو200 منٹ میں 137 بالوں پر18 چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے بنایا تھا اور اپنی ٹیم کی 180 رن کی جیت میں ایک اہم کردار ادا کیا تھا۔