بہارشریف(محمد راشد عالم) ریاستی سطح کی بینکرس کمیٹی کی ہدایات کے مطابق تمام بینکوں کی جانب سے ضلعی صنعتی مرکز بہارشریف میں اجتماعی طور پر ایک قرض تقسیم کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔قرض کی تقسیم کے اس کیمپ کو سنکلپ کا نام دیا گیا تھا۔اس موقع پر پنجاب نیشنل بینک بہارشریف کے چیف منیجر اتم کمار نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی کاروبار چھوٹا یا بڑا نہیں ہوتا،آپ کو صرف وہی کاروبار منتخب کرنا چاہیے جس میں آپ کی دلچسپی ہو اور جس کے بارے میں آپ کو علم ہو،کاروبار شروع کرنے سے پہلے بازار کا سروے ضرور کر لیں۔ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ منیجر، نابارڈ،مسٹر امرت کمار ورنوال نے اپنی اسکیموں کے بارے میں تفصیل سے بتایا اور سبھی کو AIF اسکیم سے فائدہ اٹھانے کا مشورہ دیا۔انڈسٹریز کے جنرل منیجر مسٹر بشیشور پرساد نے بینکوں پر زور دیا کہ وہ پی ایم ایف ایم ای کو زیادہ سے زیادہ قرض فراہم کریں۔انہوں نے یاد دلایا کہ نالندہ ایک زراعت پر مبنی ضلع ہے،اس لیے بینکوں کو دیگر شعبوں کے مقابلے زراعت کے شعبے میں زیادہ حصہ ڈالنا چاہیے۔انہوں نے نالندہ ضلع کو کریڈٹ ڈپازٹ ریشو بڑھانے کا بھی مشورہ دیا۔پنجاب نیشنل بینک کے چیف منیجر ششی کمار نے کہا کہ اگلا قرض کیمپ بھی 24 مارچ کو منعقد کیا جائے گا۔انہوں نے تمام بینکوں سے بھی درخواست کی کہ وہ اس میں زیادہ سے زیادہ تعاون کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ کیمپ میں تقریباً 103 مستفیدین کے درمیان تقریباً 7.5 کروڑ روپے کے قرضوں کی منظوری دی گئی۔اس موقع پر جنرل منیجر ڈسٹرکٹ انڈسٹریز سینٹر بشیشور پرساد،ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ منیجر امرت ورنوال، پی این بی کے چیف منیجر مسٹر اتم کمار،ششی بھوشن کمار،اسٹیٹ بینک آف انڈیا سے ششی بھوشن کمار،ساؤتھ بہار گرامین بینک کے چیف مینیجر انکش کمار،انڈین اوورسیز بینک کے منیجر دیپ کمار،انڈین اوور سیز بینک کے منیجر کے مشرا، ایل ڈی ایم دفتر کے ڈپٹی منیجر رتیش کمار سنگھ اور مختلف بینکوں کے برانچ منیجر اور استفادہ کنندگان بھی موجود تھے۔