صنعاء (ہ س)۔امریکی فوج نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب یمن میں صنعاء ، ذمار، عمران، الحدیدہ اور اِب میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے۔حوثیوں کے میڈیا کے مطابق صنعاء کے مشرق میں جبل نقم پر امریکی طیاروں نے 10 فضائی حملے کیے۔العربیہ نیوز چینل کے ذرائع نے بتایا کہ ذمار شہر کے مغرب میں حوثیوں کے اسلحہ گوداموں کو 3 حملوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ عمران میں حوثیوں کے رابطہ نیٹ ورک کو حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ دیگر امریکی حملوں میں الحدیدہ ہوائی اڈے کے اطراف حوثیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اسی طرح العربیہ نیوز کے ذرائع نے بتایا کہ امریکی طیاروں نے اِب کے مشرق میں جبل المنار میں حوثیوں کے رابطہ نیٹ ورک پر بم باری کی۔دوسری جانب حوثیوں نے یمن کے مغرب میں الحدیدہ صوبے میں امریکی بم باری کے نتیجے میں 6 افراد کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کا اعلان کیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گذشتہ ماہ مارچ کے وسط میں اعلان کردہ فوجی آپریشن کے ضمن میں امریکی فضائیہ نے یمن کے شمالی اور مغربی حصوں میں حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق آپریشن کا مقصد بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہاز رانی کا تحفظ ہے۔ امریکی صدر نے ان نئے حملوں میں حوثیوں کے کئی کمانڈروں کے مارے جانے کا اعلان بھی کیا۔حوثیوں کے حملوں کے نتیجے میں اس اہم سمندری گزر گاہ میں آمد و رفت تعطل کا شکار ہوئی جہاں سے عالمی کارگو کا تقریبا 12 فی صد حصہ گزرتا ہے۔ اس تعطل نے کئی کمپنیوں کو مجبور کر دیا کہ وہ افریقا کی طرف سے چکر لگا کر کافی طویل روٹ اپنائیں۔