سید پرویز قیصر
جسپریت بمراہ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں اپنے وکٹوں کی ٹریپل سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ دائیں ہاتھ کے اس تیز بالر نے ممبئی انڈینس کی جانب سے کھیلتے ہوئے سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف حیدرآباد میں یہ سنگ میل ہنرچ کلا سن کو تلک ورما کے ہاتھوں کیچ کراکے عبور کیا۔ انہوں نے237 ویں اننگ میں ایسا کیا جو ہندوستان کے کسی تیز بالر کے سب سے تیز تین سو وکٹ اور کل ملاکر تیسرے سب سے تیز تین سو وکٹ تھے۔ آسڑیلیا کے انڈریو ٹائر نے 208 ویں اننگ میں اور سری لنکا کے لاستھ ملنگا نے217 ویں اننگ میں اپنے وکٹوں کی ٹریپل سنچری مکمل کی تھی۔
جسپریت بمراہ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں تین سو وکٹ حاصل کرنے والے ہندوستان کے پانچویں اور کل ملاکر34 ویں بالر ہیں۔انہوں نے 2013 سے اب تک جو238 ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلے ہیں انکی237 اننگوں میں5355 بالوں پر6173 رن دیکر20.57 کی اوسط اور17.85 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ پورے تین سو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔ انہوں نے چار مرتبہ ایک اننگ میں چار یا اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے اور انکی سب سے اچھی بالنگ چار اوور میں دس رن دیکر پانچ وکٹ ہے جو انہوں نے ممبئی انڈینس کی جانب سے کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس کے خلاف ممبئی میں9 مئی2022 کو انجام دی تھی ۔ اس میچ میں انکی ٹیم کو52 رن سے شکست ہوئی تھی۔
ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں ہندوستان سے تعلق رکھنے والے جس کھلاڑی کو سب سے زیادہ وکٹ حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے وہ یجویندر چہل ہیں جنہوں نے2009 سے اب تک320 میچوں کی317 اننگوں میں6851 بالوں پر8769 رن دیکر23.50 کی اوسط اور 18.36 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ373 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔ وہ 13 مرتبہ ایک اننگ میں چار یا اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے میں کامیاب رہے ہیں اور انکی سب سے اچھی بالنگ کارکردگی چار اوور میں25 رن دیکر چھ وکٹ ہے جو انہوں نے ہندوستان کی جانب سے انگلینڈ کے خلاف بنگلور میں یکم فروری2017 کو انجام دی تھی اور اپنی ٹیم کو75 رن سے جیت دلائی تھی۔
لیگ اسپنر پیوش چاولہ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں ہندوستان سے تعلق عکھنے والے دوسرے سب سے زیادہ وکٹ حاصل کرنے والے بالر ہیں۔ انہوں نے2007 اور2024 کے درمیان جو297 میچ کھیلے انکی296اننگوں میں6210 بالوں پر7800 رن دیکر24.45 کی اوسط اور19.46 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ319 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔وہ چار مرتبہ ایک اننگ میں چارکھلاڑیوں کو آوٹ کرنے میں کامیاب رہے ہیں اور انکی سب سے اچھی بالنگ کارکردگی چار اوورمیں12 رن دیکر چار وکٹ ہے جو انہوں نے اتر پردیش کی جانب سے ہماچل پردیش کے خلاف ممبئی میں25 نومبر2024 کو انجام دی تھی۔ اس میچ میں انکی ٹیم سات وکٹ سے فاتح رہی تھی۔
ہندوستان سے تعلق رکھنے والے جس تیز بالر کو سب سے زیادہ وکٹ حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے وہ بھونیشور کمار ہیں۔انہوں نے2009 سے اب تک جو302 ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلے ہیں انکی301 اننگوں میں6537 بالوں پر7929 رن دیکر24.93 کی اوسط اور20.55 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ318 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔انہوں نے دس مرتبہ ایک اننگ میں چار یا اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو آوت کیا ہے اور انکی سب سے اچھی بالنگ کارکردگی چار اوور میں چار رن دیکر پانچ وکٹ ہے جو انہوں نے ہندوستان کی جانب سے افغانستان کے خلاف دوبئی میں8 ستمبر2022 کو انجام دی تھی اور اپنی ٹیم کی101 رن کی جیت میں ایک اہم کردار ادا کیا تھا۔
روی چندرن اشون ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں ہندوستان سے تعلق رکھنے والے چوتھے سب سے زیادہ وکٹ حاصل کرنے والے بالر ہیں۔ اس آف اسپنر نے 2007 سے اب تک جو331 میچ کھیلے ہیں انکی327 اننگوں میں7158 بالوں پر8483 رن دیکر26.93کی اوسط اور 22.72 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ315 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔ وہ چار مرتبہ ایک اننگ میں چار کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے میں کامیاب رہے ہیں اور انکی سب سے اچھی بالنگ کارکردگی چار اوور میں آٹھ رن دیکر چار وکٹ ہے جو انہوں نے ہندوستان کی جانب سے سری لنکا کے خلاف وشا کھاپٹنم میں14 فروری2016 کو انجام دی تھی ۔ اس میچ میں ہندوستان کو نو وکٹ سے کامیابی ملی تھی۔