سید پرویز قیصر
جسپریت بمراہ ممبئی انڈینس کی جانب سے انڈین پریمیر لیگ میں سب سے زیادہ وکٹ حاصل کرنے والے بالر بن گئے ہیں۔اس تیز بالر نے لکھنئو سپر جائنٹس کے خلاف ممبئی کے وانکھڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں چار اوور میں 22 رن دیکر چارکھلاڑیوں کو آوٹ کرنے کے بعد ایسا کیا۔
جسپریت بمراہ نے 2013سے اب تک جو139 میچ کھیلے ہیں انکی139 اننگوں میں3197 بالوں پر3895 رن دیکر22.38 کی اوسط اور18.37 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ174 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔وہ پانچ مرتبہ ایک اننگ میں چار یا اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ انکی سب سے اچھی بالنگ کارکردگی چار اوور میں دس رن دیکر پانچ ہے جو انہوں نے کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس کے خلاف ڈاکٹر ڈی وائی اسٹیڈیم ،ممبئی میں9 مئی2022 کو انجام دی تھی۔ اس میچ میں ممبئی انڈینس کو52 رن سے شکست ہوئی تھی۔انکی یہ کارکردگی ممبئی انڈینس کیلئے تیسری سب سے اچھی بالنگ کارکردگی ہے۔
ان سے پہلے ممبئی انڈینس کیلئے انڈین پریمیر لیگ میں سب سے زیادہ وکٹ حاصل کرنے کا ریکارڈ لاستھ ملنکا کے پاس تھا۔ سری لنکا سے تعلق رکھنے والے اس تیز بالر نے 2009 اور2019 کے درمیان ممبئی انڈینس کیلئے جو122 میچ کھیلے انکی122 اننگوں میں2827 بالوں پر3365 رن دیکر 19.79 کی اوسط اور16.62 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ170 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ وہ سات مرتبہ ایک اننگ میں چار یا اس سے زیادہ وکٹ لینے میں کامیاب رہے ہیں اور انکی سب سے اچھی بالنگ کارکردگی 3.4 اوور میں13 رن دیکر پانچ وکٹ ہے جو انہوں نے دہلی کیپٹلس کے خلاف دہلی میں10 اپریل2011 کو انجام دی تھی۔ اس میچ میںممبئی انڈینس نے آٹھ وکٹ سے جیت حاصل کی تھی۔
ہربھجن سنگھ ممبئی انڈینس کے لئے تیسرے سب سے زیادہ وکٹ حاصل کرنے والے بالر ہیں۔ وہ ممبئی انڈینس کیلئے سب سے زیادہ وکٹ حاصل کرنے والے اسپنر ہیں۔ انہوں نے2008 اور2017 کے درمیان جو136 میچ کھیلے ہیں انکی134 اننگوں میں2919 بالوں پر3385 رن دیکر26.65 کی اوسط اور22.98 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ127 کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ وہ دو مرتبہ ایک اننگ میں چار یا اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے میں کامیاب رہے ہیں اور انکی سب سے اچھی بالنگ کارکردگی چار اوور میں18 رن دیکر پانچ وکٹ ہے جو انہوں نے چنئی سپر کنگس کے خلاف ممبئی میں22 اپریل 2011 کو انجام دی تھی۔اس میچ میں انکی ٹیم پانچ رن سے فاتح رہی تھی۔
مشیل میک کلینگم ممبئی انڈینس کیلئے انڈین پریمیر لیگ میں چوتھے سب سے زیادہ وکٹ حاصل کرنے والے بالر ہیں۔ بائیں ہاتھ کے اس تیز بالر نے2015 اور2019 کے درمیان کو56 میچ کھیلے ہیں انکی 56 اننگوں میں1274 بالوں پر1803 رن دیکر25.39 کی اوسط اور17.94 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ71 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔ ایک مرتبہ انہوں نے ایک اننگ میں چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے اور21 رن دیکر چار وکٹ انکی سب سے اچھی بالنگ کارکردگی رہی ہے۔
ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کیرون پولارڈ ممبئی انڈینس کے لئے پانچویں سب سے زیادہ وکٹ حاصل لرنے والے بالر ہیں۔انہوں نے 2010 اور 2022 کے درمیان ممبئی انڈینس کیلئے جو189 میچ کھیلے انکی107 اننگوں میں1488 بالوں پر2180 رن دیکر 31.59 کی اوسط اور21.56 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ69 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ انہوں نے ایک مرتبہ ایک اننگ میں چات کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے اور انکی سب سے اچھی بالنگ کارکردگی چاراوور میں44 رن دیکر چار وکٹ ہے۔