میڈرڈ (یو این آئی) جرمن ٹینس لیجنڈ الیگزینڈر زویریو راؤنڈ آف 16 کے میچ میں اپ سیٹ کا شکار ہو گئے کیونکہ وہ ارجنٹائن کے فرانسسکو سیرونڈولو سے ہار کر میڈرڈ اوپن سے باہر ہو گئے۔ اسپین میں بجلی کے بحران کے باعث پیر کو میچز نہیں ہوسکے۔ منگل کو مردوں کے سنگلز راؤنڈ آف 16 میں جرمنی کے ٹاپ سیڈ الیگزینڈر زیویریو کو ارجنٹائن کے فرانسسکو سیرونڈولو سے 5-7، 3-6 سے شکست ہوئی اور وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔ جبکہ ایک اور میچ میں جمہوریہ چیک کے جیکب مینسک نے قازقستان کے الیگزینڈر بوبلک کو 6-2، 6-3 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ راؤنڈ آف 32 میں 11 ویں سیڈ ٹومی پال نے روس کے کیرن کھچانوف پر 6-3، 3-6، 6-2 سے کامیابی حاصل کی جبکہ پال کے ساتھی امریکی فرانسس ٹیافو نے فرانس کے الیگزینڈر مولر کو 6-3، 6-3 سے شکست دی۔ ایک اور میچ میں کینیڈا کے گیبریل ڈیالو نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد واپسی کرتے ہوئے برطانیہ کے کیمرون نوری کو ڈھائی گھنٹے میں 2-6، 6-4، 6-4 سے شکست دی۔ 17ویں سیڈ اسٹیفانوس سیٹسیپاس نے اٹلی کے 10ویں سیڈ لورینزو موسیٹی کو 7-5، 7-6 (3) سے شکست دے کر سب کو حیران کر دیا۔ جبکہ آسٹریلیا کے الیکس ڈی مینور نے کینیڈا کے ڈینس شاپووالوف کو 6-2، 7-6 (3) سے شکست دی۔ خواتین کے مقابلوں میں پولینڈ کی ایگا سویٹیک کو کوارٹر فائنل تک پہنچنے کے لیے سخت محنت کرنا پڑی اور روس کی 13ویں سیڈ ڈیانا شنائیڈر کو 6-0، 6-7 (3) 6-4 سے شکست دینے کے لیے جدوجہد کرنا پڑی۔پانچویں سیڈ امریکہ کی میڈیسن کیز نے 19ویں سیڈ کروشیا کی ڈونا ویکک کو سٹریٹ سیٹس میں 6-2، 6-3 سے شکست دی۔ دن کے آخری میچ میں بیلاروس کی ٹاپ سیڈ آرینا سبالینکا نے امریکہ کی پےٹن اسٹرنز کو 6-2، 6-4 سے ہرا کر میڈرڈ اوپن کے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔