سید پرویز قیصر
سہ فریقی ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سریز کا فائنل ہندوستان اور سری لنکا کی خواتین کے درمیان اتوار( 11 مئی) کو کولمبو کے آرپریم داسا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ہندوستان کی خواتین نے چار میں سے تین میچوں میں کامیابی اور ایک میں شکست کے بعد فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے جبکہ میزبان سری لنکا چار میں سے دو میچوں میں جیت اور دو میچوں میں ہارنے کے بعد فائنل میں کھیلنے کی حقداد بنی ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں تیسری ٹیم جنوبی افریقہ تھی جو چار میں سے ایک میچ جیتی تھی جبکہ تین میں اسے شکست ہوئی تھی۔
سری لنکا اور ہندوستان کی خواتین کے درمیان ابھی تک جو34 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں اس میں سے ہندوستان کی خواتین نے30 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ سری لنکا کی خواتین نے تین میچوں میں جیت اپنے نام کی ہے۔ دونوں کے درمیان ایک میچ نامکمل رہا ہے۔ سری لنکا میں دونوں کا مقابلہ17 مرتبہ ہوا ہے جس میں سے ہندوستان کی خواتین نے15 میچوں میں جیت اپنے نام کی ہے جبکہ سری لنکا کی خواتین دو میچ جیتی ہیں۔ دونوں کے در میان جو آخری پانچ میچ کھیلے گئے ہیں اس میں ہندوستان کی خواتین نے چار اور سری لنکا کی خواتین نے ایک میچ جیتا ہے۔
لیگ میچوں میں ہندوستان کی خواتین نے ایک میچ جیتا تھا جبکہ ایک میچ میں اسے شکست ہوئی ہے۔ کولمبو کے آر پریم داسا میں4 مئی2025 کو کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی خواتین نے ہندوستان کی خواتین کو تین وکٹ شکست دی تھی۔ ہندوستان کی خواتین نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوور میں نو وکٹ پر 275 رن بنائے تھے۔سری لنکا نے49.1 اوور میں سات وکٹ پر 278 رن بناکر میچ تین وکٹ سے جیتا تھا۔
ہندوستان کی خواتین کا سری لنکا کی خواتین کے خلاف سب سے زیادہ اسکور50 اوور میں نو وکٹ پر275 رن ہے جو4 مئی2025 کو کولمبو میں بنایا تھا۔ سری لنکا کی خواتین کا ہندوستان کی خواتین کے خلاف سب سے زیادہ اسکور 50 اوور میں پانچ وکٹ پر282 رن ہے جو اس نے ممبئی میں5 فروری2013 کو بنایاتھا۔
کینڈی میں25 اپریل 2004کو ہوئے میچ میں سری لنکا کی خواتین کی سبھی کھلاڑی28.2 اوور میں66 رن بناکر آوٹ ہوگئی تھیں جو اس کا ہندوستان کی خواتین کے خلاف سب سے کم اسکور ہے۔ ہندوستان کی خواتین کا سری لنکا کی خواتین کے خلاف سب سے کم اسکور50 اوور میں سات وکٹ پر137 رن ہے جو اس نے سڈنی میں12 مارچ2009 کو بنایا تھا۔
کاتونائیکے میں16 ستمبر2018کو ہوئے میچ میں متھالی راج نے143 بالوں پر 14چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر125 رن بنائے تھے جو ہندوستان کی خواتین کی جانب سے سری لنکا کی خواتین کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ اسی میچ میں چماری اتا پتو نے 133 بالوں پر13 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے115 رن بنائے تھے جو سری لنکا کی خواتین کیلئے ہندوستان کی خواتین کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔
ہندوستان کی خواتین کی جانب سے سری لنکا کی خواتین کے خلاف سب سے اچھی بالنگ کا ریکارڈ ممتا مابین کے پاس ہے جنہوں نے کینڈی میں25 اپریل2004 کو6.2 اوور میں دس رن دیکر چھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ سری لنکا کی خواتین کی جانب سے ہندوستان کی خواتین کے خلاف سب سے اچھی بالنگ کا ریکارڈ مشترکہ طور پر سوگنددکا کماری اور انکوکا رناویرا کے پاس ہے۔ان دونوں نے39 رن دیکر چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔ دونوں نے دس اوور میں ایسا کیا ہے۔17 فروری2016 میں رانچی میں سوگنددکا کماری نے ایسا کیا تھا جبکہ نکوکا رناویرا پالے کیلے میںیکم جولائی 2022 کو چار کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا تھا۔