ممبئی (یواین آئی) بنگال واریئرز نے پرو کبڈی لیگ کے اگلے سیزن کے لیے نوین کمار کو ٹیم کا نیا چیف کوچ مقرر کیا ہے۔ہریانہ سے تعلق رکھنے والے کبڈی کے عظیم کھلاڑی نوین کمار کو ایتھلیٹ اور کوچ دونوں کے طور پر خاصی مہارت حاصل ہے۔ فرنچائز کا ماننا ہے کہ ان کی معلومات، جیتنے کی ذہنیت اور لڑنے کی صلاحیت واریئرز کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔بنگال واریئرز کے نئے کوچ نوین کمار کا کھیل میں شاندار ٹریک ریکارڈ ہے۔ انہوں نے 10ویں ساؤتھ ایشین گیمز (2006)، 15ویں ایشین گیمز (2006)، دوسرے ورلڈ کپ (2007) اور دوسرے انڈور ایشین گیمز (2007) سمیت کئی ٹورنامنٹس میں طلائی تمغے جیتے ہیں۔کوچ بنائے جانے پر نوین کمار نے کہا، بنگال واریئرز کے ساتھ چیف کوچ کے طور پر منسلک ہونا میرے لیے فخر کی بات ہے۔ یہ ایک مضبوط اور چیلنجنگ ٹیم تیار کرنے کا ایک دلچسپ موقع ہے۔ میں کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے اور میدان میں ان کی بہترین کارکردگی دیکھنے کے لیے بے تاب ہوں۔ نئے سیزن سے پہلے ہمارے پاس کافی وقت ہے اور ہم مل کر اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ واریئرز ایک چیمپئن ٹیم بنے۔”بنگال واریئرز کے چیف ایگزیکٹو اپورو گپتا نے کہا، "نوین کمار اپنے ساتھ بے پناہ تجربہ اور اسٹریٹجک مہارت لائے ہیں، جو انہیں ہماری ٹیم کے لیے ایک مثالی لیڈر بناتا ہے۔ ان کی جیتنے کی ذہنیت اور نوجوان کھلاڑیوں کو پروان چڑھانے کی صلاحیت اس سیزن میں ہماری کامیابی کے سفر میں اہم کردار ادا کرے گی۔”