پٹنہ ، 17 جون (یواین آئی) ’ہوائی چپل‘ سے ’ہوائی سفر‘ مرکزکی پر عزم اڑان (اڑے دیش کا عام شہری) اسکیم کے تحت، بہار میں مدھوبنی ، ویرپور ( سپول) ، مونگیر ، والمیکی نگر ( مغربی چمپارن)، مظفرپور اور سہرسہ میں چھوٹے ہوائی اڈوں کی تعمیر کیلئے ریاست کی نتیش حکومت نے آج ائیرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (اے اے آئی)کے ساتھ معاہدہ ( ایم او یو ) کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی۔کابینہ سکریٹریٹ ڈپارٹمنٹ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری (اے سی ایس) ڈاکٹر ایس سدھارتھ نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں یہاں منعقدہ وزراءکونسل کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی گئی ہے۔ڈاکٹر سدھارتھ نے کہا کہ اس تاریخی فیصلے کے تحت جن ہوائی اڈوں کو تیار کیا جائے گا ان میں مدھوبنی، ویر پور، مونگیر، والمیکی نگر، مظفر پور اور سہرسہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہوائی اڈے نہ صرف علاقائی روابط کو مضبوط کریں گے بلکہ اقتصادی سرگرمیوں کو بھی نئی تحریک دیں گے۔اے سی ایس نے بتایا کہ حکومت نے ابتدائی طور پر ان منصوبوں کے لیے ہر ہوائی اڈے کے لیے 25 کروڑ روپے مختص کرنے کی منظوری دی ہے۔ اس طرح کل 150 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے ضروری تکنیکی سروے، حصول اراضی، بنیادی ڈھانچے جیسے رن وے اور ٹرمینل عمارتوں کی ترقی کا کام شروع ہو جائے گا۔