لکھنؤ (یواین آئی) ٹیم انڈیا کے اسٹاربلے باز رنکو سنگھ جلد ہی تعلیم کے شعبے میں اپنی نئی اننگز کا آغاز کر سکتے ہیں۔اتر پردیش حکومت کی بین الاقوامی تمغہ جیتنے والوں کی براہ راست بھرتی پالیسی کے تحت کھیلوں کے محکمے نے رنکو کی بنیادی تعلیمی افسر (بی ایس اے) کے عہدے پر تقرری کی تجویز حکومتی سطح پر بھیجی ہے، جس کی جلد منظوری کی امید کی جا رہی ہے۔ اگرچہ رنکو نے نویں جماعت تک تعلیم حاصل کی ہے، لیکن انہیں عہدے کے لیے کم از کم اہلیت پوری کرنے کے لیے کافی وقت دیا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں بنیادی تعلیم ڈائریکٹوریٹ نے خط جاری کر کے رنکو سنگھ سے تعلیمی دستاویزات اور دیگر رسمی کارروائیوں کو مکمل کرنے کے لیے کہا ہے۔انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں دو سال قبل اپنی شاندار اننگز کے بعد شہرت حاصل کرنے والے علی گڑھ کے 28 سالہ رنکو سنگھ نے 2023 میں آئرلینڈ کے خلاف ٹی20 میچ میں ہندوستان کے لیے ڈیبیو کیا تھا۔ حال ہی میں ان کی منگنی جونپور میں مچھلی شہر کی رکن پارلیمنٹ پریا سروج سے ہوئی ہے۔یوگی سرکارنے رنکو سنگھ کے علاوہ پیرا ایتھلیٹ پروین کمار، ہاکی کھلاڑی راج کمار پال، پیرا ایتھلیٹ اجیت سنگھ، پیرا ایتھلیٹ سمرن، پیرا ایتھلیٹ پریتی پال، اور ایتھلیٹ کرن بالیان کو بھی سرکاری عہدوں سے نوازا ہے۔